میانمار مسلمانوں کی واپسی روکنے کے لئے سرحد پر بارودی سرنگیں بچھا رہا ہے

Sep 07, 2017 12:25 PM IST | Updated on: Sep 07, 2017 12:25 PM IST

ینگون۔ بنگلہ دیش ہجرت کرجانے والے روہنگیا مسلمانوں کی دوبارہ ملک میں واپسی نہ ہو سکے، اس کے لئے میانمار کی حکومت ایک مذموم قدم اٹھاتے ہوئے بنگلہ دیش سے متصل سرحد پر بارودی سرنگیں بچھا رہی ہے۔ غیر ملکی میڈیا نے بنگلہ دیشی اور میانمار کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ میانمار کے سکیورٹی دستے سرحد پر بارودی سرنگیں بچھا رہے ہیں تاکہ بنگلہ دیش ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمان واپس نہ لوٹ سکیں۔ بارودی سرنگیں پھٹنے کی وجہ سے متعدد روہنگیا بچے اور خواتین اپنی ٹانگوں سے محروم ہو چکے ہیں۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بارودی سرنگیں نصب کرنے پر بدھ کے روز بنگلہ دیش نے میانمار کے سفیر کو طلب کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا ہے۔ روہنگیا اقلیت کے خلاف تشدد کی شروع ہونے والی حالیہ لہر کے بعد سے ڈھاکہ حکومت دو مرتبہ میانمار کے سفیر کو طلب کر چکی ہے۔

میانمار مسلمانوں کی واپسی روکنے کے لئے سرحد پر بارودی سرنگیں بچھا رہا ہے

برما میں روہنگیا مسلمانوں کی تقریبا 40 لاکھ کی آبادی تھی۔ قتل عام میں تقریبا ایک لاکھ لوگوں کو مار دیا گیا۔ فوٹو، رائٹرز۔

ڈی ڈبلیو ڈاٹ کام کے مطابق، میانمار میں ظلم و تشدد سے فرار ہو کر گزشتہ بارہ روز کے دوران تقریبا ڈیڑھ لاکھ روہنگیا افراد بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’میانمار کی سکیورٹی فورسز کی طرف سے بارودی سرنگیں بچھانے کے عمل پر احتجاج کیا گیا ہے اور یہ کہ ڈھاکہ حکومت اس حوالے سے فکرمند ہے۔‘‘ بنگلہ دیش کے سرحدی محافظوں کے مطابق رواں ہفتے انہوں نے سرحد کی دوسری جانب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں اور بارودی سرنگیں پھٹنے کی وجہ سے متعدد روہنگیا مہاجرین کو زخمی ہوتے دیکھا گیا ہے۔

بارودی سرنگ پھٹنے کی وجہ سے اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہو جانے والی روہنگیا خاتون کا بنگلہ دیش میں علاج جاری ہے جبکہ گزشتہ روز دو بچے بھی زخمی ہو گئے تھے، جن میں سے ایک کی ٹانگ اس کے جسم سے الگ ہو گئی تھی۔

ابھی تک میانمار حکومت نے بارودی سرنگوں کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن بدھ کے روز نوبل امن انعام یافتہ آنگ سان سوچی نے کہا تھا کہ روہنگیا کے حوالے سے انتہائی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ ایک بنگلہ دیشی عہدیدار کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے پاس ایک ایسی ویڈیو بھی موجود ہے، جس میں میانمار کی سکیورٹی فورسز کو مبینہ طور پر بارودی سرنگ بچھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز