اروناچل کے جنگلات سے 70سال کے بعد برآمد دو ہوابازوں کی باقیات امریکہ کے سپرد– News18 Urdu

اروناچل کے جنگلات سے 70سال کے بعد برآمد دو ہوابازوں کی باقیات امریکہ کے سپرد

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کے گھنے جنگلات سے 70 سال کے بعد برآمد دوامریکی ہوا بازوں کی باقیات امریکہ کے سپرد کردی گئی ہے۔

Apr 16, 2016 11:59 PM IST | Updated on: Apr 16, 2016 11:59 PM IST

گوہاٹی (عمران علی بیگ ) ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کے گھنے جنگلات سے 70 سال کے بعد برآمد دوامریکی ہوا بازوں کی باقیات امریکہ کے سپرد کردی گئی ہے۔ان ہوابازوں کا طیارہ دوسری عالمی جنگ کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقہ میں حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران جب جاپان نے برما پر قبضہ کیا ، تو ہندوستان سے چین تک رسد پہنچانے کے لیے یہ فضائی راستہ اختیار کیا گیا تھا ، جو ہمالیہ کے برفیلے پہاڑوں کے اوپر سے گزرتا ہے۔ ہوا بازوں کی باقیات کو پہلے امریکہ کے شہر ہوائی لے جایا گیا ، جہاں ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔

اروناچل کے جنگلات سے 70سال کے بعد برآمد دو ہوابازوں کی باقیات امریکہ کے سپرد

امریکی ہوا بازوں کی باقیات ایک تقریب میں امریکی فوجی اہلکاروں کے سپرد کی گئیں۔ اس موقع پر امریکہ کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر بھی موجود تھے۔ان کا کہنا کہ اس سے ہمارے فوجیوں کو یہ پیغام ملے گا کہ جو لوگ اپنی جان کی قربانی دیتے ہیں ان کے لیے ہم کس حد تک جا سکتے ہیں۔ امریکی فوج نے گذشتہ برس ستمبر میں اپنی ایک ٹیم اروناچل پردیش بھیجی تھی۔ اس کا مقصد اس فوجی طیارے کا ملبہ تلاش کرنا تھا ، جو 1944 میں حادثےکا شکار ہوگیا تھا۔ اس بی 24 طیارے میں آٹھ افراد سوار تھے۔

امریکی مرین کور کے کپتان گریگ لنچ کے مطابق ٹیم کو طیارے کے ملبے تک پہنچنے کے لیے تین دن تک گھنے جنگلات میں پیدل سفر کرنا پڑا۔ گریگ لنچ کا کہنا ہے اس کارروائی میں حصہ لینا ان کے لئے انتہائی اہم تھا۔انھوں نے کہا کہ اگر یہ باقیات ان کی ہوتیں ، تو اتنے عرصے بعد بھی ان کے گھر والوں کے لیے انھیں حاصل کرنا کتنا اہم ہوتا۔ گریگ لنچ نے کہاکہ ہم ان لوگوں کو جن کے عزیز لوٹ کر نہیں آئے تھے، یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اس وقت کیا ہوا تھا؟ ۔

Loading...

خیال رہے کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپان کی جانب سے برما سے گذرنے والا زمینی راستہ بند کرنے کی بعد اتحادی افواج کی فضائیہ نے اس راستے سے تقریباً ساڑھے چھ لاکھ ٹن گولہ بارود، ایندھن اور فوجی ساز و سامان چین پہنچایا تھا۔ اس دوران تقریبا 590 طیارے یا تو مار گرائے گئے ، یا حادثات کا شکار ہوئے اور ان میں مجموعی طور پر 1650 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے کئی طیارے اروناچل پردیش کے جنگلات میں گرے تھے۔ امریکی وزیردفاع کے مطابق وہ اس علاقے میں لاپتہ ہونے والے باقی ہوا بازوں کی تلاش بھی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

Loading...