اکبر روڈ کا نام بدلنے کے مطالبہ کی بدرالدین اجمل قاسمی نے کی مذمت– News18 Urdu

اکبر روڈ کا نام بدلنے کے مطالبہ کی بدرالدین اجمل قاسمی نے کی مذمت

نئی دہلی/ گوہاٹی۔ آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے ان لوگوں کی سخت مذمت کی ہے جو دہلی کے" اکبر روڈ" کا نام بدل کر اسے" مہارا نا پرتا ب روڈ" رکھنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

May 18, 2016 05:52 PM IST | Updated on: May 18, 2016 05:52 PM IST

نئی دہلی/ گوہاٹی۔ آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے ان لوگوں کی سخت مذمت کی ہے جو دہلی کے" اکبر روڈ" کا نام بدل کر اسے" مہارا نا پرتا ب روڈ" رکھنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے نے کہا کہ ایسے لوگ خواہ مخواہ کا تنازعہ پیدا کر کے لوگوں کو الجھانا چاہتے ہیں جیسا کہ اس سے پہلے "اورنگ زیب روڈ" کا نام بدل کر "ا ے پی جے عبدالکلام روڈ "رکھنے کے وقت ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگرکسی اہم شخصیت کے نام پر نئے تعمیر ہونے والے روڈ ، مقام ،بریج یا بلڈنگ وغیرہ کا نام رکھنے میں کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے تو اس کے لئے کسی دوسری اہم شخصیت کے نام سے منسوب چیزوں کو چھیننا سراسر نا انصافی اور قابلِ اعتراض ہے جس کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شہنشاہ اکبر نے اس ملک کی ترقی اور یہاں کی گنگا جمنی تہذیب کے لئے جو کام کیا ہے اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا اس لئے اس طرح کا مطالبہ کرنے والے ملک کو ایک نئے تنازع میں الجھانا چاہتے ہیں۔

اکبر روڈ کا نام بدلنے کے مطالبہ کی بدرالدین اجمل قاسمی نے کی مذمت

مولانا اجمل نے کہا کہ امید ہے کہ سرکار ماضی سے سبق سیکھ کر اس طرح کے بے تکے مانگ پر عمل کر نے کی دوبارہ غلطی نہیں کرے گی۔ مولانا نے فلم اداکار رشی کپور کے اس بیان کو بھی بے وجہ اور بے وقت قرار دیا ہے جس میں انہوں نے گاندھی خاندان کے افراد سے منسوب روڈ، ائر پورٹ وغیرہ سے ان کا نام ہٹا کردوسرے افراد سے منسوب کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ اس وقت مہاراشٹر میں خشک سالی کی وجہ سے پانی کا سنگین بحران ہے جس نے کتنے ہی غریبوں کی جان لے لی،جس سے لاکھوں لوگوں کی زندگی داؤ پر لگی ہے، ان کو پینے کا پانی نصیب نہیں ہو رہا ہے، وہ کھانے کے لئے ترس رہے ہیں، ایسے حالات میں فلم انڈسٹری کے افراد کو ماضی کی طرح ان غریب متأثرین کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے، ان کے کھانے پینے کی فراہمی کے لئے بذاتِ خود اور اپنے دوستوں کی مدد سے کوشش کرنی چاہئے۔

Loading...

مولانا اجمل نے کہا کہ رشی کپور کو بھی ان مصیبت زدگان کی راحت رسانی کے لئے اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے بہت سے مواقع آئے ہیں جب فلم انڈسٹری کے لوگ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئے ہیں مگر افسوس کہ اب اسی فلم انڈسٹری کے کچھ لوگ مسلسل متنازعہ بیان دیکر خبروں میں رہنے کو پسند کر نے لگے ہیں۔

Loading...