چاندی پور میں ہند۔ اسرائیل کے مشترکہ میزائل کا کامیاب ٹیسٹ، وزیر دفاع کی سائنسدانوں کو مبارکباد– News18 Urdu

چاندی پور میں ہند۔ اسرائیل کے مشترکہ میزائل کا کامیاب ٹیسٹ، وزیر دفاع کی سائنسدانوں کو مبارکباد

بالا سور۔ ہندوستان اور اسرائیل کے ذریعہ زمین سے فضاء میں مارنے والے نو تیار شدہ میزائل کا آج اڈیشہ کے ساحل سمندر سے کامیاب تجربہ کیا گيا۔

Jun 30, 2016 03:18 PM IST | Updated on: Jun 30, 2016 03:23 PM IST

بالا سور۔  ہندوستان اور اسرائیل کے ذریعہ زمین سے فضاء میں مارنے والے نو تیار شدہ میزائل کا آج اڈیشہ کے ساحل سمندر سے کامیاب تجربہ کیا گيا۔ دفاعی تحقیقاتی تنظیم(ڈی آر ڈی او) نے یو این آئی کو بتایا کہ نئے طورپر تیار کئے گئے زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل کو آج صبح سوا آٹھ بجے اڈیشہ کے چاندی پور ساحل میں انٹیگریٹیڈ ٹیسٹ رینج (آئی ٹی آر) لانچنگ پیڈ سے داغا گیا۔

تحقیقی تنظیم کے اہلکاروں نے بتایا کہ میزائل کا تجربہ تمام زاویوں سے کامیاب رہا ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے اس اہم تجربے کی کامیابی پر سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ "میں ڈی آر ڈی او اور صنعتی عملہ کو درمیانی سطح کے میزائل سسٹم کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتا ہوں"۔

چاندی پور میں ہند۔ اسرائیل کے مشترکہ میزائل کا کامیاب ٹیسٹ، وزیر دفاع کی سائنسدانوں کو مبارکباد

فائل فوٹو

ذرائع نے بتایا کہ آج کے تجربے میں خلیج بنگال میں ایک بغیر پائلٹ کی فضائی شٹل کو ٹارگٹ کے طورپر چھوڑا گيا۔ جس کے بعد اوسط رینج کے میزائل نے تیزی سے اس کا تعاقب کیا اور اس کا کام تمام کردیا"۔ میزائل کی فائرنگ کے دوران میزائل کے ڈٹیکشن، ٹریکنگ اور گائیڈینس کے لئے کثیر عملی سرویلانس اور الرٹ راڈار کا بھی تجربہ کیا گیا۔ ہندوستانی بحریہ اور فضائیہ کے لئے زمین سے فضاء میں مار کرنے والے 70 کلومیٹر رینج کا یہ میزائل سسٹم ہندوستان اورا سرائیل کے ذریعہ مشترکہ طورپر تیار کیا جارہا ہے۔ جبکہ فوج کے لئے یہ میزائل تیار کرنے کا معاہدہ ابھی فائنل نہیں ہوا ہے۔

Loading...

Loading...