جموں و کشمیر : شہید ایس ایچ او کے اہل خانہ سے امت شاہ نے کی ملاقات ، کہا : ارشد خان پر ملک کو فخر– News18 Urdu

جموں و کشمیر : شہید ایس ایچ او کے اہل خانہ سے امت شاہ نے کی ملاقات ، کہا : ارشد خان پر ملک کو فخر

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں کشمیر کے اپنے دو روزہ دورہ کے دوسرے دن شہید ایس ایچ او ارشد خان کی کرن نگر سری نگر میں واقع رہائش گاہ پر پہنچے اور وہاں پسماندگان کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔

Jun 27, 2019 05:42 PM IST | Updated on: Jun 27, 2019 05:42 PM IST

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں کشمیر کے اپنے دو روزہ دورہ کے دوسرے دن جمعرات کی صبح شہید ایس ایچ او ارشد خان کی کرن نگر سری نگر میں واقع رہائش گاہ پر پہنچے اور وہاں پسماندگان کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ بتادیں کہ انسپکٹر ارشد خان 12 جون کو اننت ناگ میں کے پی روڈ پر ملی ٹینٹوں کے حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں ایمس دہلی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے تھے۔

اس حملے میں سی آر پی ایف کے چھ اہلکارشہید اور ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوا تھا اور حملے کی ذمہ داری العمر نامی ملی ٹینٹ تنظیم نے قبول کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سخت ترین حفاظتی بندوبست کے بیچ بال گارڈن کرن نگر میں واقع شہید ایس ایچ او کی رہائش گاہ پر پہنچے۔

جموں و کشمیر : شہید ایس ایچ او کے اہل خانہ سے امت شاہ نے کی ملاقات ، کہا : ارشد خان پر ملک کو فخر

شہید ایس ایچ او کے اہل خانہ سے امت شاہ نے کی ملاقات

Loading...

مرکزی وزیر داخلہ کی آمد کے پیش نظر پورے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا تھا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ سیکورٹی کے اعلیٰ افسران بھی تھے۔

دریں اثنا مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایس ایچ او اننت ناگ ارشد خان کی سری نگر میں واقع رہائش گاہ کا دورہ کیا اور پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کی ، ملک کی حفاظت کے لئے ان کی شہادت سے کئی جانیں بچ گئیں ، پوری قوم کو ارشد خان کی بہادری اور حوصلے پر فخر ہے۔

Loading...