کمسن بچی کی آبرو ریزی کا معاملہ : جموں وکشمیرہائی کورٹ نے پولیس کو دی یہ ہدایت– News18 Urdu

کمسن بچی کی آبرو ریزی کا معاملہ : جموں وکشمیرہائی کورٹ نے پولیس کو دی یہ ہدایت

کمسن بچی کے دل دہلانے والے آبرو ریزی کے واقعے کے خلاف وادی بھر میں احتجاجوں کا سلسلہ جاری

May 15, 2019 01:54 PM IST | Updated on: May 15, 2019 02:34 PM IST

جموں کشمیر ہائی کورٹ نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے ملک پورہ ترہگام سمبل میں 8 مئی کوایک کمسن بچی کی آبرو ریزی کے واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے کشمیر زون پولیس کے آئی جی سوئم پرکاش پانی سے جمعہ تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

بتادیں کہ کمسن بچی کے دل دہلانے والے آبرو ریزی کے واقعے کے خلاف وادی بھر میں احتجاجوں کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ قصوروار کو فوری طور تختہ دارپرلٹکانے کا پُرزور مطالبہ کررہے ہیں۔ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا متل اور جسٹس تاشی رابستان پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے بدھ کے روز سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بشیر احمد ڈار کے ذریعے ریاستی پولیس کو یہ ہدایات جاری کیں۔

کمسن بچی کی آبرو ریزی کا معاملہ : جموں وکشمیرہائی کورٹ نے پولیس کو دی یہ ہدایت

کورٹ نے بتایا کہ ایسے بھیانک واقعات کے ساتھ سختی سے نمٹنا ہے اور بچوں کو ایسے وحشت ناک واقعات سے محفوظ رکھنا ہے۔سرکاری وکیل بشیر احمد ڈار نے کہا کہ وہ شام تک کیس کے متعلق تمام پیش رفتوں کو چیک کرکے کورٹ کو اس حوالے سے مطلع کریں گے۔ریاستی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے جو واقعے کی تحقیقات میں جٹ گئی ہے۔

وادی کی سیاسی، مذہبی اوردیگرتنظیموں نے اس انسانیت سوز واقعہ کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے اور قصوروار کو کڑی سزا دینے کی مانگ کی ہے۔ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے لوگوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی اصل عمر کا پتہ لگانے کے لئے سائنسی طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔

صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن، آپسی بھائی چارے اور امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سمبل واقعہ کی تحقیقات تیزتر بنیادوں پر کی جاری ہے اور وہ ذاتی طور پر اس کی نگرانی کررہے ہیں تاکہ تحقیقات کے عمل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔

شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد سلیمان چودھری نے کہا کہ سمبل میں 8 مئی کو پیش آئے تین سالہ بچی کی آبرو ریزی کے معاملے کی تحقیقات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔