jammu and kashmir tral encounter snm جموں۔کشمیر: ترال میں فورسز اور ملیٹنٹوں کے بیچ انکاؤنٹر، ایک ملیٹنٹ ہلاک– News18 Urdu

جموں۔کشمیر: ترال میں فورسز اور ملیٹنٹوں کے بیچ انکاؤنٹر، ایک ملیٹنٹ ہلاک

جنوبی کشمیر کے برین پتھری ترال میں فورسز اور ملیٹنٹوں کے بیچ انکاؤنٹرمیں ایک ملیٹنٹ مارا گیا ہے۔ فورسز نے پورے علاقے کو محاصرہ لے رکھا ہے اور تلاشی کاروائی جاری ہے۔

Jun 26, 2019 01:25 PM IST | Updated on: Jun 26, 2019 01:25 PM IST

جنوبی کشمیر کے برین پتھری ترال میں فورسز اور ملیٹنٹوں کے بیچ انکاؤنٹرمیں ایک ملیٹنٹ مارا گیا ہے۔ فورسز نے پورے علاقے کو محاصرہ لے رکھا ہے اور تلاشی کاروائی جاری ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران فوج نے ڈرون کیمروں کا استعمال بھی کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے جائے تصادم آرائی سے ایک ملیٹنٹ کی لاش بر آمد کی ہے تاہم مہلوک کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم ہونا ابھی باقی ہے۔ قبل ازیں ملیٹنٹوں کے چھپنے کی ثقہ اطلاع ملنے پر فوج کی 42 آر آر، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی صبح ہی بران پتری جنگلات کو محاصرہ میں لے کر ملیٹنٹوں کی تلاش شروع کی تھی۔

جوں ہی سیکورٹی فورسز کی تلاشی کرنے والی ٹیم ملیٹنٹوں کے نزدیک پہنچی تو انہوں نے ٹیم پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم آرائی چھڑ گئی۔ دریں اثنا جموں کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ترال کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور ملیٹنٹوں کے درمیان جاری تصادم آرائی میں ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے۔

جموں۔کشمیر:  ترال میں فورسز اور ملیٹنٹوں کے بیچ  انکاؤنٹر، ایک ملیٹنٹ ہلاک

ؑعلامتی تصویر

ترجمان نے بتایا کہ جائے تصادم آرائی سے ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی ہے اور اس کے علاوہ کچھ قابل اعتراض مواد بشمول ہتھیار بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جاری ہے۔

ادھر ملیٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین تصادم آرائی شروع ہونے کی خبر پھیلتے ہی ترال میں نوجوانوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ ترال کے بس اڈے میں تعینات سیکورٹی فورسزپر نوجوانوں نے پتھراؤ کیا فورسز نے نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کے لئے اشک آور گیس اور پلٹ کے گولے داغے۔ آخری اطلاعات ملنے تک طرفین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔

Loading...