jammu kashmir pulwama encounter militant killed snm جموں۔کشمیر: دو مختلف علاقوں میں تصادم، 4 جنگجو ہلاک– News18 Urdu

جموں۔کشمیر: دو مختلف علاقوں میں تصادم، 4 جنگجو ہلاک

ریاستی پولیس کے مطابق ضلع پلوامہ کے پنزگام اونتی پورہ میں مارے گئے تینوں جنگجو 'حزب المجاہدین' کے ساتھ وابستہ تھے۔

May 18, 2019 09:37 PM IST | Updated on: May 18, 2019 10:26 PM IST

وادی کشمیر میں ہفتہ کے روز دو مختلف علاقوں میں ہونے والے تصادموں میں 4 جنگجو مارے گئے۔ یہ تصادم جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنزگام اونتی پورہ اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ہتھ لنگو سوپور میں وقوع پذیر ہوئے۔ اگرچہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے دہرونہ نامی گائوں میں بھی جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم یہاں سے جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

ریاستی پولیس کے مطابق ضلع پلوامہ کے پنزگام اونتی پورہ میں مارے گئے تینوں جنگجو 'حزب المجاہدین' کے ساتھ وابستہ تھے۔ پولیس نے ان کی شناخت شوکت ڈار ساکنہ پنز گام اونتی پورہ، عرفان وار ساکنہ واڈورہ پائین سوپور اور مظفر شیخ ساکنہ ٹہاب پلوامہ کے بطور ظاہر کی ہے۔

جموں۔کشمیر: دو مختلف علاقوں میں تصادم، 4 جنگجو ہلاک

ؑعلامتی تصویر

ضلع بارہمولہ کے ہتھ لنگو سوپور میں مارے گئے جنگجو کی شناخت وسیم احمد نائیک ولد عبدالغنی نائیک ساکنہ بارسو اونتی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ وسیم مبینہ طور پر رواں برس مارچ میں روپوش ہوکر جنگجوؤں کی صفوں میں شامل ہوگیا تھا۔

سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پلوامہ کے پنزگام اونتی پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز نے مذکورہ علاقہ میں ہفتہ کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔

Loading...

Loading...