madhya pradesh tow days women ijtema ended in bhopal بھوپال : خواتین اجتماع اختتام پذیر ، خاندانی منصوبہ بندی ، طلاق ثلاثہ اور حلالہ پر کھل کر ہوئی گفتگو– News18 Urdu

بھوپال : خواتین اجتماع اختتام پذیر ، خاندانی منصوبہ بندی ، طلاق ثلاثہ اور حلالہ پر کھل کر ہوئی گفتگو

جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام بھوپال کے اسلامی گیٹ گراؤنڈ میں منعقدہ دو روزہ خواتین اجتماع ، اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

Jan 20, 2019 09:46 PM IST | Updated on: Jan 21, 2019 11:49 AM IST

جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام بھوپال کے اسلامی گیٹ گراؤنڈ میں منعقدہ دو روزہ خواتین اجتماع ، اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ خواتین اجتماع کے دوسرے دن جہاں چار خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا ، وہیں دو رو زہ خواتین اجتماع کے آخری دن طلاق ثلاثہ،آزادی نسواں اور حلالہ جیسے موضوع پر بھی خواتین اسکالر س نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

بھوپال کے اسلامی گیٹ گراؤنڈ میں خواتین اجتماع کے آخری دن بھی خواتین اجتماع کا آغاز درس قران سے کیا گیا۔درس قران کے بعد خواتین اسکالرس نے آزادی نسواں کے مضر اثرات،قران کا راستہ،والدین کے ساتھ حسن سلوک اور پردہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں جیسے موضوع پر پہلے سیشن میں خواتین اسکالرس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ خواتین اسکالر س کا ماننا ہے کہ اسلام کی تعلیمات رہتی دنیا تک کے لئے ہے اور قران عالم انسانیت کے لئے رہنمائے ہدایت ہے ، لیکن کم علمی اور اسلامی تعلیمات سے دوری کے سبب کچھ لوگ اسلامی تعلیمات کی شبیہ کو مسخ کرتے ہیں۔

خواتین اجتماع کے آخری دن کے تیسرے اور چوتھے سیشن میں خاندانی منصوبہ بندی ،طلاق ثلاثہ،حلالہ اور اسوہ صحابیات کے موضوعات پر خواتین اسکالرس نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ خواتین اسکالرس کا ماننا ہے کہ طلاق اسلام میں خواتین کے لئے رحمت ہے ،سیاسی پارٹیاں اس موضوع پر نہ صرف ملک میں سیاست کررہی ہیں ، بلکہ خواتین کو بھی گمراہ کر رہی ہیں۔خواتین اسکالرس نے منصوبہ بندی کو خداکی رزاقیت سے انکار کے مترادف تعبیر کیا۔

بھوپال کے اسلامی گیٹ گراؤنڈ پر منعقدہ دو روزہ خواتین اجتماع کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔ اجتماعی دعا میں ملک میں امن و امان اور آپسی اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Loading...

Loading...