بی جے پی ترجمان سمبت پاترا کے من گھڑت بیان کی نوید حامد نے سخت مذمت اور تردید کی– News18 Urdu

بی جے پی ترجمان سمبت پاترا کے من گھڑت بیان کی نوید حامد نے سخت مذمت اور تردید کی

آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر مسٹرنوید حامد نے بی جے پی کے ترجمان شری سمبت پاترا کے من گھڑت بیان کی سخت مذمت اور تردید کی ہے۔

May 17, 2017 09:18 PM IST | Updated on: May 17, 2017 09:19 PM IST

نئی دہلی : آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر مسٹرنوید حامد نے بی جے پی کے ترجمان شری سمبت پاترا کے من گھڑت اس بیان کی سخت مذمت اور تردید کی ہے جو انہوں نے زی نیوزکے پروگرام ’’تال ٹھوک کے‘‘میں آج مورخہ 17 مئی کو مشاورت کے تعلق سے یہ دعویٰ کیا ہے کہ مشاورت نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی موقر حیثیت پر کوئی سوالیہ نشان لگایا ہے۔

مشاورت آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کو مسلمانوں کا نہ صرف ایک موقر ادارہ مانتی ہے بلکہ اس کا ماننا ہے کہ ہندوستانی مسلم عائلی قوانین کی حفاظت اور ترجمانی کا وہ ایک اہم ادارہ ہے جس میں ملت کے اہم اکابرین شامل ہیں۔ شری سمبت پاترا کے من گھڑت بیان سے پھر ایک بار ثابت ہو گیا ہے کہ سنگھ پریوار اور موجودہ حکومت کے ذمہ داران مسلمانوں کے موقر تنظیموں کے درمیان نفاق پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔

بی جے پی ترجمان سمبت پاترا کے من گھڑت بیان کی نوید حامد نے سخت مذمت اور تردید کی

نوید حامد: فائل فوٹو

شری سمبت پاترا کو شاید یہ نہیں معلوم کہ مشاورت کے ممبران آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نہ صرف اراکین میں شامل ہیں بلکہ اس کے کچھ اہم قائدین مسلم پرسنل لا بورڈ کے عہدیداروں میں بھی شامل ہیں ۔ اس لئے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت اس بات کو واضح کردینا چاہتی ہے کہ جو کھیل کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے اس سے نہ صرف مشاورت باخبر ہے بلکہ مسلمانوں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ تمام ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جو مسلمانوں کے درمیان نفاق پیدا کر کے اصل میں اسلام اورمسلمانوں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔

Loading...

Loading...