نئی نسل کواردو سکھانےکےلئے موبائل ایپ لانچ کرے گی قومی اردو کونسل– News18 Urdu

نئی نسل کواردو سکھانےکےلئے موبائل ایپ لانچ کرے گی قومی اردو کونسل

کونسل کےڈائریکٹرڈاکٹرشیخ عقیل احمد نےکہا کہ متذکرہ موبائل ایپ پرکام جاری ہےاوریہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد ایپ ہوگی۔

Jun 18, 2019 05:43 PM IST | Updated on: Jun 19, 2019 03:39 AM IST

سری نگر: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نےکہا کہ کونسل نئی نسل کواردو کی طرف راغب کرنے اوراردوسیکھنے کا ذوق وشوق رکھنے والوں کےلئےعنقریب ایک موبائل ایپ لانچ کرنے والا ہے۔ انہوں نےکہا کہ متذکرہ موبائل ایپ پر کام جاری ہےاوریہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد ایپ ہوگی۔ یو این آئی اردو کو دیئےگئے ایک انٹرویو میں ڈاکٹرشیخ عقیل احمد نے کہا 'نئی نسل اردو کی طرف زیادہ راغب نہیں ہورہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ان کی اردو میں دلچسپی پیدا ہو، اس کےلئےکونسل بہت سارے پروگرام کررہا ہےاورنئی نسل کی موبائل کے ساتھ گہری وابستگی کے پیش نظرہم ایک موبائل ایپ لانچ کریں گے، جس سےنئی نسل اردوکی طرف راغب ہوگی اوراردو سیکھنے کا ذوق وشوق رکھنے والے ارود سیکھ سکیں گے'۔

اردو کےفروغ کے لئے شروع کی جانے والی موبائل ایپ کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ڈاکٹرعقیل احمد نے کہا 'اس موبائل ایپ کےاندراردوسیکھنےکے جتنے بھی پہلو ہیں، انہیں ڈالا جائےگا جیسے کسی بڑے فلمی ادکاریا اداکارہ کےایک ایک یا دودومنٹوں پر اردوکے حق میں تاثرات ہوں گے، اس کے بعد اردو سیکھنےکے لئے ہمارے پاس جوکتابیں ہیں، ان کے ہرباب کوایک ایک کرکےسکھایا جائے گا، اردوکے حروف تہجی کوپڑھنا اور لکھنا سکھایا جائے گا'۔

نئی نسل کواردو سکھانےکےلئے موبائل ایپ لانچ کرے گی قومی اردو کونسل

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد: فائل فوٹو

انہوں نے کہا کہ جب وہ اردو اچھی طرح سیکھ لیں گے تو موبائل ایپ میں شعراء کرام کی بہترین غزلیں ڈالی جائیں گی اورانہیں سکھایا جائے گا، مثلاً اگرکوئی علامہ اقبال کی غزل سننا چاہتا ہے توغزل نہ صرف لکھی ہوگی بکہ اس کوآوازمیں پڑھا بھی جائےگا تاکہ اس کی ادائیگی کوبھی سیکھا جاسکے۔

ڈاکٹرعقیل احمد نے کہا کہ اسی طرح موبائل ایپ میں چھوٹے چھوٹے افسانےاوربچوں کے افسانے بھی ڈالے جائیں گے، افسانے بھی لکھے ہوں گے اورانہیں پڑھا بھی جائے گا تاکہ پتہ چل سکے کہ کس لفظ کا کیا تلفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سے بہترین شعراء کی ایک فہرست بھی مرتب کی جائے گی اوران کی صلاحیتوں کونکھارنےکےلئے انہیں ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کیا جائےگا۔

Loading...

موصوف ڈائریکٹرنےکہا: 'اس موبائل ایپ میں ایک پروویژن ایسا بھی ہوگا جس میں ملک کے نوجوان شعراء سے اپنا کلام اپ لوڈ کرنےکوکہا جائے گا اور پھران میں سے جن 12-10 شعرا کا کلام معیاری وبہترہوگا ان کی ایک فہرست مرتب کی جائے گی اورانہیں ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے اوران کے لئے ایک مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا جائے گا ، اس طرح ان کی ہمت افزائی بھی ہوگی اوروہ آگے بھی بڑھ سکیں گے، اسی طرح افسانہ نگاروں سے بھی کہا جائےگا کہ وہ اپنے افسانے پڑھ کراپ لوڈ کریں'۔

انہوں نےکہا کہ اگرہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوئے تونئی نسل موبائل پرہی اردو سیکھ سکتی ہے اورغزلیں بھی سن سکتے ہیں۔ اس موبائل ایپ کے بارے میں پوچھےگئے ایک سوال کہ یہ موبائل اپ کب تک لانچ ہوسکتی ہے؟ کے جواب میں ڈاکٹرعقیل احمد نے کہا: 'اس پر کام جاری ہے متعلقین کوایک مکتوب بھیج دیا گیا ہے، اُن کے ساتھ دس پندرہ دنوں کےاندراندر ایک میٹنگ کریں گے اورپھرلائحہ عمل مرتب کریں گے جس کو بہت جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا'۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نیوز18 کے گروپ ایڈیٹر راجیش رینہ کے ساتھ بھی بات چیت ہوئی ہے اور ان سے بھی کافی مشورے حاصل کئے گئے ہیں۔

Loading...