اترپردیش : چیکنگ کے دوران داروغہ کا گولی مار کر قتل ، سپاہی کی حالت نازک– News18 Urdu

اترپردیش : چیکنگ کے دوران داروغہ کا گولی مار کر قتل ، سپاہی کی حالت نازک

بدایوں : بے خوف مسلح بدمعاشوں نے بدھ کو دیر شام بناور علاقے میں ایک داروغہ کا گولی مار کر قتل کردیا اور ساتھ ہی ساتھ فائرنگ کر کے دو سپاہیوں کو بھی زخمی کر دیا

Jun 23, 2016 01:32 AM IST | Updated on: Jun 23, 2016 01:32 AM IST

بدایوں : بے خوف مسلح بدمعاشوں نے بدھ کو دیر شام بناور علاقے میں ایک داروغہ کا گولی مار کر قتل کردیا اور ساتھ ہی ساتھ فائرنگ کر کے دو سپاہیوں کو بھی زخمی کر دیا ، جس میں سے ایک سپاہی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے تصادم کے بعد ایک بدمعاش کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دو بدمعاش پولیس پر گولیاں برساتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

بناور تھانے میں تعینات داروغہ سرویش یادو اور سپاہی پرمود رسول پور موڑ پر گاڑی کی تلاشی لے رہے تھے ۔ اسی دوران بریلی کی طرف سے ایک اپاچی موٹر سائیکل پر تین بدمعاش آئے ، پولیس نے انہیں روکنا چاہا تو بدمعاشوں نے فائرنگ شروع کر دی ۔

اترپردیش : چیکنگ کے دوران داروغہ کا گولی مار کر قتل ، سپاہی کی حالت نازک

فائرنگ کے دوران داروغہ کے پیٹ میں گولی لگی جبکہ سپاہی کے ہاتھ اور پیٹ میں گولی لگی ۔ واردات کو انجام دے کر بدمعاشوں نے موٹر سائیکل چندورا روڈ کی طرف موڑ لی ۔ پیچھے سے پہنچی پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان شدید فائرنگ کے دوران دو بدمعاشوں کو بھی گولی لگی ۔

ان میں سے ایک کو پولیس نے پکڑ لیا  جبکہ باقی کے دو بدمعاش موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ گرفتار بدمعاش کلو داتاگنج کے پہرہ گاؤں کا رہنے والا ہے ۔ بدمعاشوں کی گولی سے زخمی داروغہ اور سپاہی کو بریلی لے جایا گیا جہاں ایک نجی اسپتال نے داروغہ سرویش کو مردہ قرار دے دیا ، جبکہ سپاہی کی حالت نازک ہے ۔  اطلاع ملتے ہی کثیر تعداد میں پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی ہے ۔