کیا راہل گاندھی منی شنکر ایر کے بیان سے متفق ہیں؟ راج ناتھ سنگھ کا سوال– News18 Urdu

کیا راہل گاندھی منی شنکر ایر کے بیان سے متفق ہیں؟ راج ناتھ سنگھ کا سوال

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کانگریس کے سینئر رہنما منی شنکر ایر کے وزیر اعظم نریندر مودی پر دوبارہ کئے گئے نازیبا تبصرہ پر کانگریس صدر راہل گاندھی سے سوال کیا کہ کیا وہ اس مرتبہ ایر کے خیالات سے متفق ہیں۔

May 14, 2019 04:27 PM IST | Updated on: May 14, 2019 04:30 PM IST

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کانگریس کے سینئر رہنما منی شنکر ایر کے وزیر اعظم نریندر مودی پر دوبارہ کئے گئے نازیبا تبصرہ پر کانگریس صدر راہل گاندھی سے سوال کیا کہ کیا وہ اس مرتبہ  ایر کے خیالات سے متفق ہیں۔

راجناتھ سنگھ  نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں  ایر کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ  ایر نے گجرات اسمبلی الیکشن کے دوران بھی وزیر اعظم مودی کو نیچ کہا تھا جس کے بعد ایر کو پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا۔ بعد میں ان کی کانگریس میں بحالی ہوگئی تھی۔ اب پھر ایر نے اسی طرح کا بیان دہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس بتائے کہ اس کا اب کیا خیال ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کیا راہل گاندھی اس مرتبہ ایر کے خیالات سے متفق ہیں؟

کیا راہل گاندھی منی شنکر ایر کے بیان سے متفق ہیں؟ راج ناتھ سنگھ کا سوال

مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ: فائل فوٹو۔

مغربی بنگال میں سیاسی تشدد پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے  سنگھ نے کہا کہ صحت مند جمہوریت میں سیاسی تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کوئی خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتا ہو سیاسی تشدد کو روکنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ ریاست میں قانون و انتظام ریاستی حکومت کی پہلی ذمہ داری ہوتی ہے اور اسی لئے مغربی بنگال میں جو کچھ بھی ہورہا ہے اسے روکنے کی ذمہ داری وزیر اعلی ممتا بنرجی کی ہے۔ انہیں اس ذمہ داری کو قبول کرنا چاہئے۔