جامعہ ملیہ اسلامیہ ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی نے حاصل کی نئی کامیابی ، 102 طلبہ یو پی ایس سی پریلمس امتحان میں پاس– News18 Urdu

جامعہ ملیہ اسلامیہ ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی نے حاصل کی نئی کامیابی ، 102 طلبہ یو پی ایس سی پریلمس امتحان میں پاس

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی سے سول سروسز کی تیاری کررہے 102 طلبہ نے یو پی ایس سی 2019 سول سروسز پریلمس ایگزام پاس کیا ہے ۔

Jul 13, 2019 11:27 PM IST | Updated on: Jul 17, 2019 06:49 PM IST

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی سے سول سروسز کی تیاری کررہے 102 طلبہ نے یو پی ایس سی 2019 سول سروسز پریلمس ایگزام پاس کیا ہے ۔ اکیڈمی سے 200 طلبہ اس امتحان میں شامل ہوئے تھے ، جس میں سے 102 طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ یعنی 50 فیصد سے زیادہ طلبہ نے یہ امتحان پاس کیا ہے ، جو کسی بھی دیگر ادارہ کے مقابلہ میں کافی بہتر ہے ۔

امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ مختلف مذاہب ، ذات اور شعبہ اور کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کامیابی حاصل کرنے والے یہ 102 طلبہ اب سول سروسز 2019 مینس ایگزام میں شریک ہوں گے جو 20 ستمبر 2019 کو شروع ہوگا ۔ آر سی اے ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اب ان طلبہ کو مینس ایگزام اور پرسنالٹی ٹیسٹ کیلئے بھی مفت میں کوچنگ کی سہولت فراہم کرے گا ۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی نے حاصل کی نئی کامیابی ، 102 طلبہ یو پی ایس سی پریلمس امتحان میں پاس

جامعہ ملیہ اسلامیہ :فائل فوٹو

ان کے علاوہ اکیڈمی ایس سی ، ایس ٹی ، خاتون امیدوار اور اقلیتی طبقہ کے 30 دیگر نئے طلبہ کی بھی مینس اور پرسنالٹی ٹیسٹ کیلئے تیاری کروائے گا ، جنہوں نے کہیں اور سے پریلمس کیلئے تیاری کی تھی ۔ یہ طلبہ ایک ہفتہ کے اندر سی سی سی پی ایٹ دی ریٹ جے ایم آئی ڈاٹ اے سی ڈاٹ آئی ان پر مفت کوچنگ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں زیادہ معلومات جامعیہ کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

غور طلب ہے کہ کچھ طلبہ آر سی اے جامعہ ملیہ سے ساری کوچنگ لینے کے بعد کچھ غیر سرکاری اداروں کی اکیڈمیوں اور پرائیویٹ کوچنگ سینٹروں میں صرف ماک انٹرویو ( 30-40 منٹ ) کی پریکٹس کیلئے جاتے ہیں ۔ ایسے میں ان میں کچھ اکیڈمی یہ دعوی کرنے لگتی ہیں کہ کامیاب طلبہ نے ان کے یہاں سے کوچنگ حاصل کی تھی ۔

Loading...