shiv sena chief uddhav thackeray has arrived are now heading towards laxman quila for ashirwaad sammelan in ayodhya– News18 Urdu

لکشمن قلعہ پہنچے ادھو ٹھاکرے، شیوسینکوں اورسنتوں کا زبردست ہجوم، ڈرون سے پورے علاقے کی ہورہی ہے نگرانی

ادھو ٹھاکرے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہفتہ کی دوپہرفیض آباد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں سنجے راوت اورایکناتھ شندے سمیت کئی لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔ ادھوایئرپورٹ سے ہوٹل پنچ وٹی گئے اورپھروہاں سے لکشمن قلعہ میدان کے لئے روانہ ہوگئے۔

Nov 24, 2018 04:25 PM IST | Updated on: Nov 24, 2018 04:32 PM IST

اترپردیش کے اجودھیا میں سیاسی سرگرمیوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ اجودھیا میں رام مندرکی تعمیرکے لئے 25 نومبرکومجوزہ دھرم سبھا کو لے کرشیو سینکوں اوروشو ہندو پریشد کے کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہوگئے ہیں۔ شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے بھی اجودھیا پہنچ گئے ہیں۔ وہ ابھی لکشمن قلعہ پہنچ چکے ہیں۔

اس موقع پرشیوسینا کارکنان اورسنتوں کا زبردست ہجوم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وہیں اقلیتوں میں زبردست تشویش پائی جارہی ہے اورلوگ اپنے مکانات پرتالا لگاکرمحفوظ مقامات پرچلے گئے ہیں۔ حالانکہ اس پورے معاملے کو دیکھتے ہوئے اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ  اورسماجوادی پارٹی کے صدراکھلیش یادو نے کہا کہ سپریم کورٹ کواجودھیا میں موجودہ حالت کو دھیان میں رکھنا چاہئے اورامن بنائے رکھنے اورلوگوں کے تحفظات کو یقینی بنانے کے لئے فوج تعینات کرنے پرغورکرنا چاہئے۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے شیو سینا، وشو ہندوپریشد اوربی جے پی پرحملہ کرتے ہوئے موجودہ صورتحال پرتشویش کا اظہارکیا ہے۔

لکشمن قلعہ پہنچے ادھو ٹھاکرے، شیوسینکوں اورسنتوں کا زبردست ہجوم، ڈرون سے پورے علاقے کی ہورہی ہے نگرانی

شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اجودھیا کے لکشمن قلعہ میدان پہنچ گئے ہیں۔

اتوارکوہونے والے دھرم سبھا میں شرکت کے لئے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے لکشمن قلعہ پہنچ چکے ہیں۔ یہاں شام 6 بجے وہ اپنے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کے ساتھ سرجو آرتی میں شریک ہوں گے۔  اجودھیا کے لکشمن قلعہ میدان میں شیوسینکوں اورسنتوں کی زبردست بھیڑجمع ہوگئی ہے۔ شیوسینا سربراہ کے پروگرام کولے کرپولیس نے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کا دعویٰ کیا ہے۔ پروگرام کے دوران ڈرون سے پورے علاقے کی نگرانی رکھی جارہی ہے۔

اس سے قبل ادھو ٹھاکرے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہفتہ کی دوپہرفیض آباد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں سنجے راوت اورایکناتھ شندے سمیت کئی لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔ ادھوایئرپورٹ سے ہوٹل پنچ وٹی گئے اورپھروہاں سے لکشمن قلعہ میدان کے لئے روانہ ہوگئے۔

اجودھیا میں اس وقت خوف ودہشت اورتناو کا ماحول ہے۔ اس وجہ سے شہرکو ایک مجازی قلعے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ شیو سینا اوروشو ہندوپریشد کے ممبران 2019 کے الیکشن سے قبل مرکزی حکومت پررام مندرپرفیصلہ لینے کے لئے دباوڈالنے کی کوشش میں ہیں۔ اجودھیا میں دو بڑے جلسے ہونے جارہے ہیں۔

رام مندرکے لئے بجے اس بگل کےدرمیان مندربنانے کے لئے لگنے والا نعرہ بھی بدلتا نظرآرہا ہے۔ پہلے جونعرہ "مندروہیں بنائیں گے"، وہ اب "مندرجلدی بنائیں گے" میں تبدیل ہوچکا ہے۔ شیو سینا نے بی جے پی کوواضح پیغام دیتے ہوئے 'پہلے مندرپھرسرکار' کہہ کراپنا نظریہ واضح کردیا ہے۔

اجودھیا میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کا دعوی

کچھ رپورٹوں میں کہا جارہا ہے کہ تشدد کے خوف سے کچھ اقلیتی افراد اجودھیا چھوڑرہے ہیں۔ اجودھیا میں رہنے والے اقلیتوں میں خوف ہےکہ کہیں 1992 کا حادثہ پھرسے نہ دوہرا دیا جائے۔ اس درمیان فیض آباد ضلع انتظامیہ کے ذریعہ رام جنم بھومی- بابری مسجد  متنازعہ مقام پردفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ سخت سیکورٹی انتظامات کا بھی دعویٰ کیا جارہا ہے۔

اترپردیش پولیس نے اتوارکو دھرم سبھا کے دوران ہنگامہ آرائی کے خدشتہ کودیکھتے ہوئے پوری ریاست میں الرٹ جاری کردیا ہے۔ حکومت نے اے ڈی جی (لکھنو زون) آشوتوش پانڈے اورآئی جی (جھانسی) ایس ایس بگھیل کو سیکورٹی کی دیکھ بھال کے لئے مقررکیاہے۔

اجودھیا کے اے ایس پی سنجے کمارنے کہا کہ "سینٹرل پیراملٹری فورسیز کی 10 کمپنیاں اوراسٹیٹ آرمڈ پولیس کی 68 کمپنیوں کی اضافی فورسیزکولااینڈ آرڈرکوبرقراررکھنے کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آس پاس کے اضلاع سے مقامی پولیس فورس کو بلایا گیا ہے"۔  ذرائع کے مطابق ریاستی پولیس کی ایک فلڈ یونٹ سرجوندی پرپٹرولنگ کرے گی جبکہ بم مخالف دستہ کے ساتھ اے ٹی ایس کمانڈو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاررہے گی۔

ادھو ٹھاکرے کے جلسے میں پہنچیں گے 4000 شیوسینک

شیوسینا کے تقریباً 4 ہزارکارکنان کے اجودھیا پہنچنے کی امید ہے، جو تھانے سے پانچ ٹرینوں میں اجودھیا پہنچ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی کے 22 ممبرپارلیمنٹ، 62 ممبران اسمبلی کے بھی اجودھیا میں ہونے والی دوروزہ تقریب میں پہنچنے کی امید ہے۔ اس درمیان آرایس ایس کے لیڈرنے کہا کہ اتوارکو80 ہزارکارکنان کواجودھیا لایا جائے گا۔ 15 ہزارٹرین سے پہنچیں گے جبکہ 14 ہزاربائیک سے اجودھیا آئیں گے۔

رام منرپرآرڈیننس لانے کا حکومت پردباو

شیوسینا ممبرپارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعہ کوبابری مسجد شہادت کا ذکرکرتے ہوئے حکومت پررام مندرکی تعمیر کے لئے آرڈیننس لانے کا دباو ڈالا۔ راوت نے کہا کہ "بابری مسجد کو 17 منٹ میں شہید کردیا گیا تھا۔ راشٹرپتی بھون سے اترپردیش اسمبلی میں آرڈیننس لانے کے لئے کاغذات تیارکرنے میں کتنا وقت لگتا ہے، وہاں دونوں جگہ بی جے پی کی حکومت ہے"۔

یہ بھی پڑھیں:   بابری مسجد- رام مندرمعاملہ: "مندرجلدی بنائیں گے" کے نعروں سے گونج رہا ہے اجودھیا، اقلیتوں میں خوف ودہشت کا ماحول

یہ بھی پڑھیں:    اجودھیا معاملہ: یوگی حکومت کے وزیرکا سوال "دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود اتنی بھیڑکیسے جمع ہوئی"؟

یہ بھی پڑھیں:    ہم نے 17 منٹ میں بابری مسجد منہدم کر دی تھی، قانون لانے میں دیری کیوں : شیو سینا

یہ بھی پڑھیں:   آئین کو طاق پر رکھ کر اجودھیا میں 1992 کی تاریخ دہرائی جائےگی: بی جے پی ایم ایل اے

یہ بھی پڑھیں : ساکشی مہاراج کا متنازعہ بیان : دہلی کی جامع مسجد کو توڑو ، مورتیاں نہ نکلیں تو مجھے پھانسی پر لٹکا دینا