stone pelting on mehbooba mufti convey in anantnag mgb– News18 Urdu

پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی کے قافلے پرپتھراؤ،ایس ایس جی اہلکار زخمی

محبوبہ مفتی نے خود پتھراؤ کے واقعہ کی تصدیق کی

Apr 15, 2019 04:15 PM IST | Updated on: Apr 15, 2019 04:15 PM IST

جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں پیر کے روز پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے قافلے پر پتھراؤ کیاگیا۔ جس کے نتیجے میں ایک ایس ایس جی اہلکار زخمی ہوا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پی ڈی پی صدر اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی پیر کے روز اننت ناگ کے کھرم میں واقع زیارت شریف پرحاضری دینے کے بعد بجبہاڑہ، جہاں انہیں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرنا تھا، کی طرف جارہی تھیں کہ سرہامہ پہنچتے ہی ان کی گاڑیوں پتھراؤ کیاگیا۔

ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ پتھراؤ کے دوران محبوبہ مفتی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم قافلے میں شامل ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس کو چلانے والا ایس ایس جی اہلکار زخمی ہوا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر محبوبہ مفتی کو بہ صحیح سلامت بجبہاڑہ پہنچایا جہاں انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔

Loading...

قصبہ بجبہاڑہ میں منعقدہ ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران مفتی نے پتھراؤ کے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا 'آپ ناراض ہو کہ محبوبہ مفتی ہمارے پاس کیوں نہیں آتی تھیں۔ میں کیسے آتی؟ ابھی ہم کھرم سے آرہے تھے کہ کسی نے پتھر مارا اور ہمارے قافلے میں شامل ایک گاڑی کا ڈرائیو زخمی ہوا۔ ہم نے کیا خطا کی ہے؟'۔

ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محبوبہ مفتی مذکورہ ایس ایس جی اہلکار کو معمولی نوعیت کی چوٹ آئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔وہیں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا 'یہ ایک انتہائی بدقسمت واقعہ ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور زخمی ایس ایس جی اہلکار کی فوری صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں'۔بتادیں کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اننت ناگ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے قسمت آزمائی کررہی ہیں۔ وادی کشمیر کا حساس ترین پارلیمانی حلقہ مانے جانے والے اننت ناگ میں تین مرحلوں میں ووٹنگ ہونی ہے۔

نیوزایجنسی یواین آئی کے ان پٹ کے ساتھ نیوز18 اردوکی رپورٹ ۔۔۔۔

Loading...