up cm yogi adityanath praises pm narendra modi lashes out on congress says congress promotes terrorism while calling them with ji in ghaziabad– News18 Urdu

کانگریس دہشت گردوں کو بریانی کھلاتی تھی اورمودی کی فوج گولی مارتی ہے: یوگی آدتیہ ناتھ

اترپردیش کے وزیراعلیٰ نےکہا کہ کانگریس کے لوگ مسعود اظہر جیسے دہشت گردوں کے ساتھ ’جی‘ لگاکر دہشت گردی کو فروغ دیتی ہے، یہی ہم میں اوران میں فرق ہے۔

Mar 31, 2019 03:34 PM IST | Updated on: Mar 31, 2019 03:42 PM IST

اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے غازی آباد کے گھنٹہ گھر رام لیلا میدان میں عوام کوخطاب کرتے ہوئےکانگریس، سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی پرجم کرحملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے دورحکومت میں دہشت گردوں کو بریانی کھلاتی تھی اور مودی جی کی فوج دہشت گردوں کو ’گولی‘ اور ’گولا‘ دیتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ کانگریس کے لوگ مسعود اظہر جیسے دہشت گردوں کے ساتھ ’جی‘ لگاکر دہشت گردی کو فروغ دیتی ہیں اورانہیں اعزاز سےنوازنےکا کام کرتی ہے، یہی ہم میں اوران میں فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کمرتوڑنے کا کام بی جے پی کی حکومت نے کیا ہے۔ جو کانگریس کے لئے ناممکن تھا وہ مودی کے لئے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہیں تو ممکن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس نے ہندوتوا کو بدنام کرنے کےلئے ہندو دہشت گردی کا نام اچھال کرہندووں کو بدنام کیا۔ یوگی نےکہا کہ بالا کوٹ کے اندرجب پاکستانی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا تب کانگریس، سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کو درد ہورہا تھا۔ جبکہ پورا ملک خوش تھا۔ لیکن یہ اپوزیشن پارٹیاں ووٹ بینک کے لئے فوج پر ثبوت مانگ رہے تھے۔

کانگریس دہشت گردوں کو بریانی کھلاتی تھی اورمودی کی فوج گولی مارتی ہے: یوگی آدتیہ ناتھ

یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے غازی آباد ریلی میں کانگریس پر جم کرتنقید کی۔

یوگی آدتیہ ناتھ نےکہا کہ جب نریندر مودی کی شکل میں ’یگ پرش‘ کے طورپر وزیراعظم کا حلف لیا، تو اپوزیشن پارٹیاں بوکھلا گئیں۔ کیونکہ مودی ملک کے تحفظ کے لئے کچھ بھی کرنے کوتیار ہیں۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی پرطنزکستے ہوئےکہا کہ انہوں نے اپنے خاندانوں کوبڑھانے کا کام کیا۔ ساتھ ہی خوش آمد کرنے کی سیاست کی وجہ سے انہوں نے ریاست کو برباد کردیا۔

یوپی کے وزیراعلیٰ نےسونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے اترپردیش کی سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کےاتحاد پر طنز کستے ہوئے کہا کہ یہ خوش آمد کرنے اور دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا اتحاد ہے، لیکن ریاست نے اسے مسترد کردیا ہے۔ اس لئے یہ اتحاد ناکام ہوگیا ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت میں غیرقانونی سلاٹرہاوس چلائے جاتےتھے، لیکن ہماری حکومت نے آنےکے بعد ایک ہی جھٹکے میں سختی کےساتھ غیرقانونی سلاٹرہاوس کو بند کرادیا۔ اب اترپردیش کے لوگ سکون کی زندگی جی رہے ہیں۔ کیونکہ اب یہ ممکن ہے کیونکہ اب مودی ہیں۔