yashwant sinha says bjp is trying to erase democracy– News18 Urdu

جمہوریت ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے بی جے پی: یشونت سنہا

سابق مرکزی وزیرنے کہا کہ بی جے پی نے جان بوجھ کر پہلے پارٹی میں جمہوریت کوختم کیا اوراب سماج اور ملک سے جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

Dec 23, 2018 07:33 PM IST | Updated on: Dec 23, 2018 07:33 PM IST

سلطان پور: سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے بی جے پی پرنشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ راجیہ سبھا رکن وعام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ کی تنظیم "آزاد سماج سیوا سمیتی" کے 23 ویں سالانہ جشن اورامرشہید خودیرام بوس کی یاد میں غریبوں کی امداد کے لئے منعقدہ پروگرام میں شرکت کرنے یہاں پہنچے سنہا نے کہا کہ بی جے پی نے جان بوجھ کر پہلے پارٹی میں جمہوریت کوختم کیا اوراب سماج اور ملک سے جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

سابق مرکزی وزیرنے کہا کہ مہا بھارت میں کوروؤں کا ذکرہوتا ہے تو ہم دریودھن اور دشاسن کے علاوہ تیسرے کا ذکرنہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح بی جے پی میں وزیر اعظم نریندرمودی دریودھن اورامت شاہ دشاسن کی طرح ہیں۔

جمہوریت ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے بی جے پی: یشونت سنہا

سابق مرکزی وزیراورسینئرلیڈر یشونت سنہا: فائل فوٹو

انہوں نے کہا کہ بی جے پی آج اسی صورتحال میں پہنچ گئی ہے۔ فی الحال یہ ملک کا مسئلہ نہیں ہے۔ آج ہمارے ملک کی جمہوریت محفوظ رہنی چاہئے۔ جب بھی اگلا موقع آئے گا، ہم جمہوری حقوق کا استعمال کرتے ہوئے جمہوریت پرخطرہ پیدا کرنے والوں کو اقتدارسے باہر کر دیں گے۔ یہ میں کسی پارٹی کی بات نہیں کررہاہوں۔ کیونکہ کوئی بھی پارٹی یا کوئی بھی اتحاد ہو، آنے والے 2019 کے عام انتخابات میں ان لوگوں نے بھی یہ حرکت کی، جو آج ہورہی ہے، تو سب سے پہلی آوازسنجے سنگھ کی اورمیری ہوگی۔ ہم لوگ ان کو بھی برداشت نہیں کریں گے۔

سابق وزیرخزانہ نے سلطان پورکے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے جمہوریت کی حفاظت کرنے کے لئے یہاں پھرایک مشعل جلائی۔ اس سے قبل ضلع کے سینئر ادیب کمل نین پانڈے، ایم ایل سی شیلندرپرتاپ سنگھ نے بھی خطاب کیا۔ تنظیم کے صدراشوک سنگھ  نے بتایا کہ اس امداد فراہم کرنے والے پروگرام میں 1200 رضائی (لحاف)، 500 کمبل، 20 سلائی مشین، 10 رکشا ٹھیلہ ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔