پنامہ پیپر کیس : نواز شریف نے دیا استعفی ، شہباز شریف ہوسکتے ہیں پاکستان کے اگلے وزیر اعظم

Jul 28, 2017 12:56 PM IST | Updated on: Jul 28, 2017 09:48 PM IST

اسلام آباد: پاکستان کی سپریم کورٹ نے پاناما پیپر لیکس معاملہ میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا۔ پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاریخ کے اس سب سے بڑے کیس کا حتمی فیصلہ عدالت عظمیٰ کے کمرہ نمبر ایک میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے سنایا۔

پاناما عملدرآمد کیس کا فیصلہ جسٹس اعجاز افضل نے پڑھ کر سنایا، جس کے تحت پانچوں ججوں نے متفقہ طور پر وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف فوری طور پر وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں۔

پنامہ پیپر کیس : نواز شریف نے دیا استعفی ، شہباز شریف ہوسکتے ہیں پاکستان کے اگلے وزیر اعظم

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلہ کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہائی الرٹ جاری ہے۔ سپریم کورٹ کے اطراف سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کے علاوہ رینجرز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد نواز شریف نے اپنے عہدہ کو چھوڑ دیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ نواز کابینہ کو بھی تحلیل کردیا گیا ہے اور نئے وزیر اعظم اور نئی کابینہ کا جلد ہی اعلان کیا جاسکتا ہے۔

ادھر میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پناما فیصلے کے بعد نوازشریف کا اپنے رفقا سے مشاورتی عمل میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ہمیں اب شہباز شریف کو وزیراعظم بنانا ہوگا لیکن مجھے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ کس کو بنایا جائے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ کل کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز