کلثوم نوازپاکستان قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں کامیاب

Sep 18, 2017 04:09 PM IST | Updated on: Sep 18, 2017 04:10 PM IST

اسلام آباد۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی لاہورسیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق پہلی مرتبہ الیکشن لڑرہی کلثوم نواز مجموعی طور پر 61745 ووٹ لے کر پہلے جب کہ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کی ڈاکٹر یاسمین راشد 47099 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے نتائج کے بعد اپنی والدہ کلثوم نواز کو حاصل ہونے والی برتری پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انھیں مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ یہ ساٹھ ہزار ووٹ ساٹھ لاکھ ووٹوں کے برابر ہیں ۔ انہوں نے سپریم کورٹ سمیت اپوزیشن جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ ان کی والدہ کی جیت مسٹر شریف کے بالواسطہ اور براہ راست مخالفین کی شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔پاکستان کی سپریم کورٹ کا فیصلہ کچھ بھی ہو لیکن نواز شریف آج بھی عوام کے وزیر اعظم ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ محترمہ مریم نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہوگئیں۔ وہ آج بھی مقبول لیڈر ہیں۔

محترمہ کلثوم نواز کا لندن میں کینسر کا علاج چل رہا ہے۔ ان کی غیر موجودگی میں مریم نے اپنی والدہ کی انتخابی مہم سنبھالی ۔ فی الحال نواز شریف بھی اپنی بیوی کلثوم کے ساتھ لندن میں ہی ہیں ۔ مریم نے نواز شریف کی طرف سے حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز نے اتوار کو رات گئے ماڈل ٹاؤن میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میاں صاحب اگر آپ لندن میں سن رہے ہیں تو لاہور کہہ رہا ہے وی لوو یو۔‘کارکنوں نے مریم نواز کے خطاب کے دوران بھرپور نعرے لگائے اور خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انھوں نے چند الزامات بھی لگائے اور کہا کہ ’یہ ان تمام قوتوں کی ناکامی ہے جو پاکستان کے منتخب وزرائے اعظم پر وار کرتی رہی ہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کے کارکنوں نے 'ان کا مقابلہ کیا جو نظر آتے ہیں اور ان کا بھی جو نظر نہیں آتے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'جنھوں نے کہا تھا کہ عدلیہ کے لیے ووٹ دو اور نواز شریف کے خلاف ووٹ دو تو آج عوام نے نہ صرف عدالت کے اس فیصلے کو رد کیا بلکہ ترجمانوں کو بھی رد کردیا اور عوام نے فیصلے پر فیصلہ سنا دیا'۔

کلثوم نوازپاکستان قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں کامیاب

پاکستان کے معزول وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی فائل فوٹو۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے بھی لاہور سیٹ کے نتائج سامنے آتے ہی ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے کارکنوں اور خاص طور پر خواتین کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے انتخابی مہم کے دوران انتھک محنت کی۔‘ اس ضمنی انتخاب میں 32 آزاد اور مختلف سیاسی جماعتوں کے 12 امیدواروں نے حصہ لیا۔ لاہور کی اس سیٹ کو نواز شریف خاندان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اس لئے یہ سیٹ ان کے لئے وقار کا سوال بنا ہوا تھا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز