عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Oct 12, 2017 06:29 PM IST | Updated on: Oct 12, 2017 06:29 PM IST

اسلام آباد۔  پاکستان الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے ایک معاملے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف آج ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 26 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی، انہوں نے نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے، جس کی سماعت جاری ہے۔

اس دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 'پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف فیصلے تعصب کی بنیاد پر ہوتے ہیں'۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی سوال یہ ہے کہ 'عمران خان کے خلاف نوٹس کس قانون کے تحت جاری کیے گئے، جب تک اختیارِ سماعت کا فیصلہ نہیں ہوتا، جلدی میں جو بھی فیصلے کیے جائیں گے، اس کا مطلب یہی ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان نشانے پر ہیں'۔

عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان: فائل فوٹو۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ 14 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 25 ستمبر کو دوبارہ طلب کیا تھا۔

تاہم 20 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے پی ٹی آئی چیئرمین کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے عمران خان کو الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز