لداخ : فوجی چوکی کے برفانی تودے کی زد میں آنے سے تین جوان شہید ، دو کو بچایا گیا

Apr 07, 2017 01:11 PM IST | Updated on: Apr 07, 2017 01:11 PM IST

سری نگر: خطہ لداخ کے بٹالک سیکٹر میں ایک فوجی چوکی کے برفانی تودے کی زد میں آنے سے تین فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 2 دیگر کو زخمی حالت میں بچالیا گیا ہے۔ برفانی تودہ گرنے کا یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق شدید برف باری کے سبب وادئ کشمیر اور خطہ لداخ میں جمعرات کو لائن آف کنٹرول پر کئی ایک مقامات پر برفانی تودے گرآنے کے واقعات پیش آئے‘۔ انہوں نے بتایا کہ خطہ لداخ کے بٹالک سیکٹر میں ایک فوجی چوکی برفانی تودے کی زد میں آگئی۔

دفاعی ترجمان نے بتایا ’اس چوکی میں تعینات پانچ فوجی اہلکار برف تلے دب گئے تھے‘۔ انہوں نے بتایا کہ برف تلے پھنسے اہلکاروں کو نکالنے کے لئے بچاؤ مہم فوری طور پر شروع کی گئی تھی۔ کرنل کالیا نے بتایا کہ دو فوجی اہلکاروں کو زخمی حالت میں ریسکیو کرکے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح برف کے نیچے سے تین فوجی اہلکاروں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔

لداخ : فوجی چوکی کے برفانی تودے کی زد میں آنے سے تین جوان شہید ، دو کو بچایا گیا

file photo

خیال رہے کہ رواں برس کے 25 جنوری کو شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں دو فوجی چوکیوں اور فوج کی ایک گشتی پارٹی کے بھاری برکم برفانی تودوں کی زد میں آنے سے کم از کم 14 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ سال 2016 میں خطہ لداخ میں واقع دنیا کے بلند ترین میدان جنگ سیاچن میں ایک فوجی کیمپ کے برفانی تودے کی زد میں آنے سے 11 فوجی اہلکار لقمہ اجل بنے تھے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز