اسمبلی انتخابات : اتر پردیش میں 60.03 فیصد اور منی پور میں 86 فیصد پولنگ : الیکشن کمیشن

Mar 08, 2017 09:29 PM IST | Updated on: Mar 08, 2017 09:29 PM IST

نئی دہلی: اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں سات اضلاع کے 40 انتخابی حلقوں میں آج شام پانچ بجے تک 60.03 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، جبکہ منی پور میں دوسرے اور آخری مرحلے میں 86 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر وجے دیو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دونوں ریاستوں میں پولنگ پرامن رہی اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اتر پردیش میں شام پانچ بجے تک کل ایک کروڑ 41 لاکھ 88 ہزار 233 ووٹروں میں سے 60.03 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ سال 2012 کے اسمبلی انتخابات میں ساتویں مرحلے میں 57.56 فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ آخری مرحلے کی پولنگ کے اختتام ہونے کے ساتھ ہی اتر پردیش میں 535 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہو گیا۔ ان میں 51 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔ تمام سیٹوں کے لئے ووٹوں کی گنتی 11 مارچ کو ہوگی۔

اسمبلی انتخابات : اتر پردیش میں 60.03 فیصد اور منی پور میں 86 فیصد پولنگ : الیکشن کمیشن

اس مرحلے میں 662 مقامات پر 14 ہزار 458 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے۔ اترپردیش میں 2012 کے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 61.04 فیصد پولنگ ہوئی تھی جبکہ اس بار پہلے مرحلے میں 63.8 فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ پچھلی اسمبلی کے دوسرے مرحلے میں 65.17 کے مقابلے میں اس بار 67.16 فیصد، تیسرے مرحلے میں 59.96 فیصد کے مقابلے میں 61.43 فیصد، چوتھے مرحلے میں 60.2 فیصد کے مقابلے میں 61.21 فیصد اور پانچویں مرحلے میں 57.05 فیصد کے مقابلے میں 57.03 فیصد اور چھٹے مرحلے میں 54.62 فیصد کے مقابلے میں 56.98 فیصد پولنگ ہوئی۔

منی پور میں 10 اضلاع کے 22 اسمبلی حلقوں کے لئے دوسرے مرحلے میں ہوئی ووٹنگ کے دوران شام چار بجے تک 86 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ یہ اعداد و شمار پولنگ والے علاقوں کے محض 75 فیصد علاقوں سے موصولہ اطلاعات پر مبنی ہے۔ دور دراز کے باقی 25 فیصد علاقوں سے پولنگ فیصد کی معلومات اب تک دستیاب نہیں ہو سکی ہے۔ سال 2009 سے لے کر اب تک ریاست میں ووٹنگ کی یہ سب سے بڑی فیصد ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز