آشیش کھیتان کو دھمکی آمیز خط ، تمہارے جیسے پاپی ہندو راشٹر میں صرف سزائے موت کے مستحق

May 14, 2017 10:19 AM IST | Updated on: May 14, 2017 10:19 AM IST

نئی دہلی : عام آدمی پارٹی میں جاری گھمسان ​​کے درمیان پارٹی کے لیڈر آشیش کھیتان نے ہفتہ کو دعوی کیا کہ انہیں بنیاد پرست ہندو تنظیموں کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے ۔ کھیتان نے دھمکی کی اطلاع مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو دیتے ہوئے ان سے اس پر مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے اس پر کوئی بھی رد عمل دیکھنے کو نہیں ملا ۔ کھیتان نے راجناتھ سنگھ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ انہیں گزشتہ 9 مئی کو دھمکی آمیز خط ملا تھا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ہندو سنتوں کے خلاف ان کے گناہوں کا گھڑا بھر گیا ہے ۔

دھمکی آمیز خط میں کھیتان کو ہی سادھوی پرگیہ اور وریندر سنگھ تاوڑے جیسے سنتوں کے آج جیل میں ہونے کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ تمہارے (کھیتان) جیسے گناہگار ہندو راشٹر میں صرف سزائے موت کے مستحق ہیں ، اور یہ کام بھگوان کی مرضی سے بہت جلد پورا ہوگا ۔

آشیش کھیتان کو دھمکی آمیز خط ، تمہارے جیسے پاپی ہندو راشٹر میں صرف سزائے موت کے مستحق

اتنا ہی نہیں دھمکی آمیز خط میں کھیتان پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ سی بی آئی میں بیٹھے نند کمار نائر جیسے لوگوں کی مدد سے ان سنتوں کے خلاف سازش کی گئی ہے ۔ کھیتان نے وزیر داخلہ کو لکھے خط میں دائیں بازو کی تنظیموں کی طرف تمام صحافیوں ، ادیبوں اور سماجی کارکنوں کو بھی ایسے ہی دھمکی آمیز خط ملنے کی بات کہی ہے ۔

اس دوران پارٹی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھی کھیتان کو دھمکی ملنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ سے اس کو فوری نوٹس لیتے ہوئے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ دہلی ڈائیلاگ کمیشن کے نائب صدر کھیتان کو اس سے پہلے گزشتہ سال بھی دھمکی بھرا خط ملا تھا ۔ کیجریوال نے ٹویٹ کیا کہ آشیش کھیتان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے ۔ امید ہے کہ راج ناتھ سنگھ اس پر کارروائی کریں گے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز