جنید کے ایک بھائی کو دہلی وقف بورڈ میں نوکری دلانے کا رکن اسمبلی امانت اللہ خاں کا وعدہ

Jun 28, 2017 07:38 PM IST | Updated on: Jun 28, 2017 07:38 PM IST

نئی دہلی : دہلی کے اوکھلاحلقہ سے رکن اسمبلی اور عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر امانت اللہ خاں نے ٹرین میں بھیڑ کے ہاتھوں قتل کئے گئے جنید کے ایک بھائی کو دہلی وقف بورڈ کے تحت مسجد میں امامت کی نوکری دلانے کا یقین دلایا ہے۔ یہ یقین دہانی انہوں نے ان کے گھر کھدوالی میں جنید کے گھر والوں سے ملاقات کے بعد کرائی۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈراور سماجی کارکن شعیب خاں نے بتایا کہ امانت اللہ خاں کی سربراہی میں ایک وفد نے کل بلب گڑھ کے کھدوالی میں جنید کے گھر والوں سے ملاقات کی اور ان کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔

انہوں نے بتایا کہ 21جون کو ٹرین میں حملے میں جنید ہلاک اور ان کے بھائی شاکر اور ہاشم شدید زخمی ہوگئے تھے اور وہ دہلی کے ٹراما سنٹر میں زیر علاج تھے، ان میں سے شاکر کی حالت سنگین تھی ۔ اس لئے رکن اسمبلی امانت اللہ خاں نے ٹراما سنٹر سے ڈسچارج کرکے دہلی کے اپولو اسپتال میں بہتر علاج کے لئے داخل کرایا ہے۔ ان کا یہاں مفت میں علاج کرایا جائے گا۔

جنید کے ایک بھائی کو دہلی وقف بورڈ میں نوکری دلانے کا رکن اسمبلی امانت اللہ خاں کا وعدہ

مسٹر شعیب خاں نے بتایا کہ جنید کے گھر والے دہشت زدہ ہیں۔ جنید کے والد جلال الدین نے بتایا کہ یہ صورت حال ان کے لئے بہت مشکل بھرا ہے۔ ہم لوگ کس پر بھروسہ کریں۔ جس طرح بھیڑ نے ہمارے بیٹے کو مار ڈالا، ایسا لگتا ہے اس طرح کی بھیڑ سے کوئی محفوظ نہیں ہے۔ مسٹر امانت اللہ خاں نے جنید کے گھر والوں کو یقین دلایا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں وہ مکمل طور پر ساتھ ہیں اور جو بھی ممکن ہوسکے گا وہ مدد کی جائے گی۔

مسٹر شعیب خاں کہا کہ جس طرح کے حالات ہمارے وطن عزیز میں رونما ہورہے ہیں اگر اس کا جلد ہی سدباب نہ کیا گیا تو صورت حال بھیانک ہوسکتی ہے اوراس آگ کا شکار وہ خودد بھی ہوں گے جو ایسی حرکتوں کو شہہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان ایک متنوع، کثیرثقاقتی، کثیر مذہبی اور کثیرلسانی ملک ہے اور یہی اس کی خوبصورتی ہے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خوبصورتی کو بچانے کے لئے آگے آئیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز