مولانا عبدالحمید نعمانی آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے جنرل سکریٹری نامزد

May 09, 2017 06:01 PM IST | Updated on: May 09, 2017 06:01 PM IST

نئی دہلی۔ معروف عالم دین اور ہندوستانی فلسفہ کے ماہر دارالعلوم دیوبند کے استاد مولانا عبد الحمید نعمانی کو آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کا جنرل سکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔ مشاورت کی طرف سے آج یہاں جاری ایک بیان کے مطابق مولانا عبدالحمید نعمانی نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کی رکنیت اختیار کر لی جس کے بعد مشاورت کے صدر نوید حامد نے انہیں مشاورت کا رکن بنانے کے ساتھ ہی جنرل سکریٹری کی بھی ذمہ داری دی ہے۔ مولانا عبدالحمید نعمانی نے مرادآباد کے مدرسہ شاہی اور دارالعلوم دیوبند سے تعلیم مکمل کی۔30 سال تک جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ رہے اور ترجمان نیز میڈیا سکریٹری کی ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دی۔ ملک کے موقر اخبارات و رسائل میں ان کے کالم پابندی سے شائع ہوتے ہیں اور قارئین میں دلچسپی سے پڑھے جاتے ہیں۔ ٹی وی چینلوں پر وہ ایک جانا پہچانا نام ہیں۔

مختلف عنوانات پر تقریباً ایک درجن سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں، ان میں ہندوازم، تعارف و مطالعہ (شائع شدہ چار حصے) مسئلہ کفو اور اشاعت اسلام، دعا بعدالصلاۃ، عورت مذاہب عالم میں، متحدہ قومیت کی معنویت و ضرورت اور ہندوتواہداف و مسائل، خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔ مولانا دارالعلوم دیوبند میں ہندوستانی فکر و فلسفہ پر گیسٹ لیکچرر کے طور پر درجات تکمیلات کے طلباء کے لئے محاضرہ پیش کرتے ہیں۔ ہندوستانی فکر و فلسفہ اور جدید ہندوتو کی تحریکات، شخصیات اور افکار پر بھی خصوصی مطالعہ ہے۔

مولانا عبدالحمید نعمانی آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے جنرل سکریٹری نامزد

مولانا عبد الحمید نعمانی: فائل فوٹو

سکریٹری جنرل مشاورت جناب مجتبیٰ فاروق نے عبدالحمید نعمانی کے مشاورت کے جنرل سکریٹری بننے پر امید ظاہر کی ہے کہ ان کی نامزدگی سے مشاورت کو مزید تقویت ملے گی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز