آئی ایس آئی سے تعلق کے الزام میں فیض آباد کے بعد ممبئی سے بھی ایک مسلم نوجوان گرفتار ، کئی حراست میں 

May 03, 2017 07:09 PM IST | Updated on: May 03, 2017 11:41 PM IST

فیض آباد : اتر پردیش میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تعلق رکھنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرنے کے بعد اب ممبئی سے بھی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فیض آباد سے گرفتاری کی یہ کارروائی اے ٹی ایس، ملیٹری انٹلی جنس اور یوپی انٹیلی جنس کی مشترکہ ٹیم نے بدھ کو انجام دی۔ جبکہ ممبئی سے یوپی اے ٹی ایس اور ممبئی اے ٹی ایس کی مشترکہ ٹیم نے گرفتاری کی۔ علاوہ ازیں ایک اور شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

یوپی اے ٹی ایس نے دعوی کیا ہے کہ فیض آباد سے گرفتار شخص نے پاکستان کی آئی ایس آئی سے ٹریننگ لی ہے اور اس کے خلاف پختہ ثبوت بھی موجود ہیں۔ جبکہ ممبئی سے گرفتار نوجوان کے بارے میں دعوی کیا جارہا ہے کہ وہ فیض آباد سے گرفتار نوجوان کو رقم فراہم کرتا تھا۔

آئی ایس آئی سے تعلق کے الزام میں فیض آباد کے بعد ممبئی سے بھی ایک مسلم نوجوان گرفتار ، کئی حراست میں 

اطلاعات کے مطابق ٹیم نے بدھ کو فیض آباد کے خاص پورہ کے رہنے والے آفتاب علی کو گرفتار کیا ۔ ڈی ایس پی راجیش ساہنی کی قیادت میں یوپی اے ٹی ایس، ملیٹری انٹلی جنس اور یوپی انٹلی جنس کی مشترکہ ٹیموں نے مل کر آفتاب کو گرفتار کیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ابھی مزید گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔پاکستان ہائی کمیشن کے افسر سے بھی آفتاب کے رابطے ہونے کا دعوی کیا جارہا ہے۔

آئی جی اے ٹی ایس اسیم ارون کے مطابق اس کے خلاف اے ٹی ایس کے پاس پختہ ثبوت ہیں۔ ٹیم نے اس کے پاس سے برآمد فون سے کینٹ کے علاقہ کی تصاویر بھی برآمد کی ہیں۔ فون کی جانچ کرائی جا رہی ہے، جس میں چیٹ وغیرہ سے اے ٹی ایس کو اہم معلومات اور ثبوت ملنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔

ادھر ممبئی میں گرفتار کئے گئے نوجوان کا نام الطاف قریشی ہے اور اس کو یوپی اور ممبئی اے ٹی ایس نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا ہے۔ کارروائی میں کچھ دیگر افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ ممبئی میں کئی جگہوں پرچھاپے ماری جاری ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ممبئی سے ملحق ممبرا علاقہ سے ناظم احمد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ گجرات کے راج کوٹ کا رہنے والا الطاف حوالہ کا غیر قانونی کاروبار کرتا ہے اور اسی نے آئی ایس آئی کے کہنے پر فیض آباد سے گرفتار آفتاب کے اکاؤنٹ میں پیسہ جمع کیا تھا۔ الطاف کے پاس سے تقریبا 70 لاکھ روپے برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا جارہا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز