آگرہ كینٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب دو دھماکے، تاج محل کے پاس سیکورٹی بڑھائی گئی

Mar 18, 2017 12:57 PM IST | Updated on: Mar 18, 2017 01:37 PM IST

آگرہ۔ سات عجوبوں میں شامل 17ویں صدی کے تاج محل کو نقصان پہنچانے کی دھمکی کے ایک روز بعد آج آگرہ ریلوے اسٹیشن پر کم شدت والے دو دھماکے ہوئے ۔ بہرحال ان دھماکوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک دھماکہ کوڑا اٹھانے والے ایک ٹریکٹر میں ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ ریلوے اسٹیشن سے متصل ایک مکان کی چھت پر ہوا۔ پہلا دھماکہ صبح سویرے تقریباََ پانچ بجے ریلوے اسٹیشن کے نزدیک واقع ایک پلمبر کے گھر میں ہوا جبکہ دوسرا اس کے 45منٹ بعد ہوا۔

پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے۔ دھماکہ کیسے ہوا یہ اب تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

آگرہ كینٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب دو دھماکے، تاج محل کے پاس سیکورٹی بڑھائی گئی

ان دھماکوں سے ایک روز پہلے یہ خبر سامنے آنے پر چوکسی کا اعلان کر دیا گیا تھا کہ دہشت گرد تنظیم داعش کی طرف سےتاج محل کو خطرہ ہے۔ خیال رہے کہ آئی ایس آئی ایس کی جانب سے کل 17ویں سنچری کے تاج محل کو نقصان پہنچانے کی دھمکی کے بعد الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔ پولیس نے دریائے جمنا کے قریبی علاقوں میں گشت اور چوکسی میں اضافہ کردیا ہے۔

وہیں، دوسری طرف، اترپردیش میں آگرہ کے مال پورا علاقے میں آگرہ-بھانڈئی ریلوے ٹریک پر پتھر رکھ کر انڈمان-ایکسپریس کو گرانے کی کوشش کی گئی۔ ٹریک پر واقع ایک پتھر سے انڈمان-ایکسپریس کے ٹکرانے کی تیز آواز سے ارد گرد کے لوگ موقع پر پہنچے۔ اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ریلوے ٹریک پر پتھر کے ساتھ اسلامی اسٹیٹ (آئی ایس) دہشت گرد تنظیم کا لکھا ہوا دھمکی بھرا خط بھی ملا ہے۔ سرکاری ریلوے پولیس (جی آر پی) کے علاقائی افسر راجکمار گوتم نے آج یہاں بتایا کہ کل رات ریلوے ٹریک پر ایک پتھر کے ساتھ آئی ایس لکھا ہوا دھمکی بھرا خط ملا ہے۔ اس خط میں آئی ایس کے کمپنی کمانڈر کے طور پر محمد مرزا کا نام لکھا ہے۔ خط میں کچھ بڑے لیڈروں پر حملے کروانے کے ساتھ ہی آگرہ، متھرا، شمالی وسطی ریلوے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس، بم ناکارہ بنانے والادستہ، ڈاگ اسكواڈ ٹیم بھی پہنچ گئی۔ خط کو قبضے میں لے کر دو کلومیٹر کے علاقے کو سیل کر کے سخت چیکنگ کی گئی۔

اس کے ساتھ ہی آگرہ کے تمام ریلوے اور بس اڈوں پر چیکنگ کی گئی۔ اس سے پہلے جمعرات کو 'اسلامی اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا(آئی ایس آئی ایس) دہشت گرد تنظیم کی طرف سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر تاج محل کو اڑانے کی دھمکی دی جا چکی ہے۔ اس دھمکی کے بعد تاج محل کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

agra21

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز