شعبہ اردو کی طالبات کو معاشی طور پر خود کفیل بنایا جائے گا : پروفیسر شبنم حمید

Jan 19, 2017 11:30 PM IST | Updated on: Jan 19, 2017 11:30 PM IST

الہ آباد : اردو کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے اور ان کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے الہ آباد یونیورسٹی کے شعبہ اردو نے نیا منصوبہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حال ہی میں شعبہ اردو کی صدارت پر فائز ہونے والی پروفیسر شبنم حمید نے طالبات میں پائی جانے والی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کو نئےمواقع فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے ۔

الہ آباد یونیورسٹی کا شعبہ اردو ملک کا سب سے قدیم شعبہ اردو ہے ۔الہ آباد یونیورسٹی سے ہی ملک میں اردو کی اعلیٰ تعلیم کا آغاز ہوا تھا ۔ مسلم خواتین کے لئے کام کرنے والی معروف سماجی کارکن پروفیسر شبنم حمید کو شعبہ اردوالہ آباد یونیورسٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے ۔ پروفیسر شبنم حمید نے اعلیٰ تعلیم میں اردو کے گرتے معیار کو بلند کرنےکے منصوبہ کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔

شعبہ اردو کی طالبات کو معاشی طور پر خود کفیل بنایا جائے گا : پروفیسر شبنم حمید

الہ آباد یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی قابل ذکربات یہ بھی ہے کہ ایم اے میں طالبات کی تعداد طلبہ سے کہیں زیادہ ہے ۔ پروفیسر شبنم حمید نےاب ان طالبات کے لئے خصوصی منصوبہ بنایا ہے ۔ پروفیسر شبنم حمید کا کہنا ہےکہ طالبات کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے اور ان کے اندر پوشیدہ صلاحیت کو نکھارنے کے لئے شعبے میں خصوصی لیب بنائے جائیں گے ۔ اس کے لئے قومی اردو کونسل سے بھی مدد لی جائے گی ۔

خیال رہے کہ پروفیسر شبنم حمید خواتین کے لئے کام کرنے والی کئی سماجی تنظیموں سے بھی وابستہ ہیں ۔ خاص طور سے مسلم خواتین کو معاشی طور سے خود کفیل بنانے کے کئی منصبوں کو وہ کامیابی کے ساتھ چلا چکی ہیں ۔ اب شعبہ اردو کی ذمہ داری ملنے کے بعد انہوں نے شعبہ سے وابستہ مسلم طالبات کو خود کفیل بنانے کا کام شروع کیا ہے ۔ امید کی جا سکتی ہے کہ پروفیسر شبنم حمید کی مدت کار میں شعبہ کی طالبات کو بہترین مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز