القاعدہ سے مبینہ طور پر رابطہ رکھنے والا دہشت گرد دہلی سے گرفتار

Aug 10, 2017 04:01 PM IST | Updated on: Aug 10, 2017 04:01 PM IST

نئی دہلی۔ دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے مبینہ طور پر رابطہ رکھنے والے ایک دہشت گرد رضا الاحمد کو دہلی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ رضا کو دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے آج صبح اس وقت گرفتارکیا جب وہ نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق رضا بنگلہ دیش میں سرگرم القاعدہ کی یونٹ انصار اللہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔ وہ جعلی نوٹوں کے ریکیٹ میں بھی ملوث رہا ہے۔ اس معاملے میں مغربی بنگال پولیس کو رضا کی کافی عرصے سے تلاش تھی لہذا اسے وہاں کی پولیس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی طور پر بنگلہ دیش کے رہنے والے 25 سالہ رضا کو ہندوستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے امکانات کی تلاش کے لئے بھیجا گیا تھا، ساتھ ہی اسے یہاں جعلی نوٹوں کو پہنچانے کا بھی کام سونپا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ دنوں اترپردیش میں مظفرنگر سے گرفتار عبداللہ معاملے میں بھی رضا کا اہم کردار تھا۔

ایسا مانا جا رہا ہے کہ رضا کی گرفتاری سے دہلی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں القاعدہ کے سلیپر سیل کی اطلاع مل سکتی ہے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل اسے بڑی کامیابی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ کئی ریاستوں کی پولیس رضا کے پیچھے لگی ہوئی تھی۔ اس سے کیرالہ کے کچھ نوجوانوں کے اسلامی اسٹیٹ میں شامل ہونے کے بارے میں بھی اطلاع حاصل کی جائے گی۔ یہ پتہ لگانے کی بھی کوشش کی جائے گی کہ آئی ایس نے ہندوستان میں کہاں کہاں تک اپنی جگہ بنا لی ہے۔ یوم آزادی قریب ہونے کی وجہ سے دارالحکومت میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہلی پولیس سمیت کئی سیکورٹی ایجنسیاں انٹیلی جنس انفارمیشن کی بنیاد پر چپے چپے پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

القاعدہ سے مبینہ طور پر رابطہ رکھنے والا دہشت گرد دہلی سے گرفتار

دلی پولیس: فائل فوٹو

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز