امانت اللہ خان عام آدمی پارٹی سے معطل، کمار وشواس کو پارٹی کی راجستھان اکائی کا انچارج بنایا گيا

نئی دہلی۔ عام آدمی پارٹی ( عاپ) نے اپنے بانی رکن کمار وشواس کی ناراضگی دور کرنے کی کوششوں کے تحت آج اپنے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کر دیا۔

May 03, 2017 02:32 PM IST | Updated on: May 03, 2017 04:00 PM IST

نئی دہلی۔ عام آدمی پارٹی ( عاپ) نے اپنے بانی رکن کمار وشواس کی ناراضگی دور کرنے کی کوششوں کے تحت آج اپنے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کر دیا۔ مسٹر کمار وشواس اوکھلا کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کے اس بیان سے سخت خفا تھے جس میں مسٹر خان نے انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور آر ایس ایس کا ایجنٹ بتایا تھا۔ مسٹر کمار وشواس نے اس معاملے پر کل عوامی طور سے یہ اعلان کر دیا تھا کہ اگر مسٹر امانت اللہ خان کو پارٹی سے نہیں نکالا گیا تو پھر انہیں ہی کوئي سخت فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ پارٹی نے اندرونی خلفشار بڑھتے ہوئے دیکھ کر فورا کارروائی کی اور پارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی (پی اے سی) کی تین گھنٹے تک چلنے والی میراتھن میٹنگ میں آج کچھ اہم فیصلے کئے گئے۔ بعد میں دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے صحافیوں کو بتایا کہ میٹنگ میں دو اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ پہلا یہ کہ اوکھلا سے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کر دیا گیا اور دوسرا کمار وشواس کو پارٹی کی راجستھان اکائي کا انچارج بنایا گیا۔ انہیں ریاست میں پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

کمار وشواس نے ان واقعات کے دوران اپنی حمایت کے لئے کارکنوں اور تمام عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ 'میں کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ جب بھی پارٹی میں بات چیت کی ضرورت ہو گی، ہم بیٹھیں گے اور بات کریں گے"۔ اس موقع پرمسٹر کمار وشواس نے پھر دوہرایا کہ ان کی وزیر اعلی بننے کی کوئی چاہت نہیں ہے۔ انہوں نے کسی دوسری پارٹی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔ میٹنگ کے بعد کمار وشواس نے ٹوئٹر پر لکھا ہےکہ 'اگر کوئي تاریکی سے لڑنے کا عزم کر لے تو ایک تنہا جگنو سے بھی سب تاریکی ہارجاتی ہے ۔ جدوجہد کریں گے ، تو فاتح ہوں گے ۔ بھارت ماتا کی جے"۔ پی اے سی نے پارٹی کے لیڈروں کی طرف سے عوامی سطح پر اندرونی اختلافات کا ذکر کئے جانے پر ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ کسی کو کوئی بھی شکایت ہو تو اسے ایسے مسئلے کی بات پارٹی کے پلیٹ فارم پر کرنی چاہئے۔

امانت اللہ خان عام آدمی پارٹی سے معطل، کمار وشواس کو پارٹی کی راجستھان اکائی کا انچارج بنایا گيا

واضح رہے کہ پارٹی کے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان نے کھل کر کمار وشواس پر بی جے پی کے ساتھ مل کر پارٹی کو توڑنے کی سازش کا الزام لگایا تھا۔ایسے میں مسٹر کمار وشواس امید کر رہے تھے کہ مسٹر کیجریوال امانت اللہ خان کو پارٹی سے فوری طور پر باہر کا راستہ دکھا دیں گے، مگر ایسا نہیں ہوا، تو اس پر ناراض مسٹر کمار وشواس نے جب منگل کو میڈیا کے سامنے کھلے عام اپنی ناراضگی ظاہر کی تو پارٹی کو بحران کا اندازہ ہوا، اور وزیر اعلی اروند کیجریوال اور مسٹر سسو ديا انہیں منانے کل رات ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ کمار وشواس انا ہزارے کی تحریک کے وقت سے ہی کیجریوال اور منیش سسودیا کے ساتھ وابستہ رہے ہیں اور پارٹی کے بانی ارکان میں سے ایک ہیں، ایسے میں پارٹی کے لئے ان کی ناراضگی مہنگی پڑسکتی تھی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز