اے ایم یو طلبہ یونین انتخابات کیلئے 28 نومبر کے بعد جاری کیا جائے گا نوٹیفکیشن

یونیورسٹی طلبہ یونین اور اے ایم یو کورٹ کے لئے طلبہ نمائندوں کے الیکشن کا نوٹیفکیشن 28؍نومبر سے 9؍دسمبر 2017کے درمیان جاری کیا جائے گا۔

Nov 02, 2017 09:14 PM IST | Updated on: Nov 02, 2017 09:14 PM IST

علی گڑھ017: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرارپروفیسر جاوید اختر نے ایک نوٹس جاری کرکے مطلع کیا ہے کہ یونیورسٹی طلبہ یونین اور اے ایم یو کورٹ کے لئے طلبہ نمائندوں کے الیکشن کا نوٹیفکیشن 28؍نومبر سے 9؍دسمبر 2017کے درمیان جاری کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ یونیورسٹی انتظامیہ اور علی گڑھ ضلع انتظامیہ کے درمیان ہونے والی میٹنگ کے بعد کیا گیا ہے۔

میٹنگ میں ضلع انتظامیہ نے یونیورسٹی پراکٹر اور چیف الیکشن آفیسر کو مطلع کیا تھا کہ علی گڑھ ضلع میں نگرنگم و بلدیہ کے انتخابات 26؍نومبر 2017کو ہونے والے ہیں اور 2؍دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ، اس لئے طلبہ یونین کے الیکشن کے لئے 2؍دسمبر سے قبل پولیس عملہ نہیں فراہم کیا جاسکے گا۔ ضلع انتظامیہ نے یونیورسٹی اہلکاروں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ دونوں انتخابات ایک ساتھ نہ کرائے جائیں اور یونیورسٹی طلبہ یونین کا انتخاب 3؍دسمبر کے بعد کرایا جائے۔

اے ایم یو طلبہ یونین انتخابات کیلئے 28 نومبر کے بعد جاری کیا جائے گا نوٹیفکیشن

مذکورہ معاملہ پرغور و خوض کے لئے یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیوں کے ڈین، کالجوں کے پرنسپل، یونیورسٹی ایکزیکیٹو کونسل کے مقامی اراکین اور دیگر اہلکاروں کی ایک تفصیلی میٹنگ 2؍نومبر کو ایڈمنسٹریٹیو بلاک کے کمیٹی روم میں ہوئی۔ طلبہ یونین انتخابات کے سلسلہ میں یونیورسٹی کے ذریعہ تشکیل دی گئی کور کمیٹی کی سفارشات اور ضلع انتظامیہ کے مشوروں کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کا نوٹیفکیشن 28؍نومبر سے 9؍دسمبر 2017کے درمیان جاری کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی اکیڈمک کیلنڈر اور امتحانات کے نظام الاوقات میں کنٹرولر امتحانات اور فیکلٹیوں کے ڈین کے مشورہ سے ضرورت کے مطابق ترمیم کی جائے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ سے ڈسپلن برقرار رکھنے اور تعلیمی سرگرمیوں میں رخنہ نہ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی، طلبہ یونین کا الیکشن کرانے کے تئیں اپنے عہد کی پابند ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ یونین کے الیکشن کے سلسلہ میں 30؍اکتوبر 2017کو چیف الیکشن افسر کی تعیناتی کی تھی اور تاریخوں کے اعلان کے لئے ایک کور کمیٹی تشکیل کی ہے۔

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز