انتخابی نتائج سے پہلے ہی نوکر شاہوں میں ہلچل ، مایا وتی کی یادگاروں کی صفائی شروع

Mar 03, 2017 03:15 PM IST | Updated on: Mar 03, 2017 05:53 PM IST

لکھنو : اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ آخری مرحلے میں ہے اور ریاست میں حکومت کس کی بنے گی ، اس کا پتہ 11 مارچ کو چلے گا۔ لیکن یوپی کے نوکر شاہوں میں ممکنہ تبدیلی اقتدار کی وجہ سے بے چینی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

عام طور پر انتخابات میں اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ، اس کا پتہ لگا لینے والے افسران بھی اس مرتبہ تذبذب ہیں۔ وہ بھی اس مرتبہ ووٹروں کا مزاج پڑھنے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔

انتخابی نتائج سے پہلے ہی نوکر شاہوں میں ہلچل ، مایا وتی کی یادگاروں کی صفائی شروع

یہی وجہ ہے کہ کئی آئی اے ایس اور آئی پی ایس معلق اسمبلی کا اندازہ لگاتے ہوئے اپنی اپنی گوٹیاں سیاسی جماعتوں کے ساتھ بٹھانے میں مصروف ہو گئے ہیں۔ ذرائع کی مانیں تو دہلی اور لکھنؤ میں یوپی کیڈر کے کئی افسران بی جے پی اور بی ایس پی سے تعلقات بنانے میں مصروف ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ افسر ان پارکوں اور یادگاروں کو بھی صاف اور پالش کرنے میں لگ گئے ہیں ، جن کی تعمیر مایاوتی کے دور حکومت میں ہوئی تھی اور موجودہ حکومت میں ان کو نظر انداز کردیا گیا تھا۔

دراصل 2012 میں اکھلیش حکومت بننے کے بعد ان پارکوں اور یادگاروں کی صفائی اور مرمت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔اتنا ہی نہیں ان پارکوں اور یادگاروں میں سے کہیں لکھنؤ میٹرو کا دفتر بنا دیا گیا ، تو کہیں ویمن پاور لائن کا دفتر کھول دیا گیا۔ کہیں فش پارلر کھل گئے تو کہیں دودھ ودہی کے ساتھ آئس کریم بھی بیچے جا رہے ہیں۔.

maya-park1

اب جب الیکشن اپنے آخری دور میں ہے ، تو اکھلیش حکومت کے ہی افسر امبیڈکر پارک کے ہاتھیوں اور مایاوتی اور کانشی رام کی مورتیاں چمکانے میں مصروف ہو گئے ہیں۔ اس کے پیچھے کی وجہ صاف نظر آتی ہے۔ دراصل افسروں میں یہ ڈر ہے کہ اگر اقتدار میں تبدیلی ہوتی ہے ، تو انہیں نئی ​​حکومت کے غصہ کا شکار نہ ہونا پڑے۔

خیال رہے کہ پچھلی مرتبہ الیکشن کمیشن نے ان پارکوں اور یادگاروں میں نصب ہاتھیوں کو نیلی پیلی برساتی سے ڈھكوا دیا تھا ، کیونکہ یہ میموریل کے طور پر نہیں بلکہ بی ایس پی کے انتخابی نشان کے طور پر دیکھے گئے تھے۔لیکن اس مرتبہ جب ابھی الیکشن ختم بھی نہیں ہوا ہے اور ہاتھیوں، مایاوتی اور کانشی رام کے مجسموں کی صاف صفائی شروع کرا دی گئی ہے۔

maya-park

اتنا ہی نہیں یہاں پانی کے لئے ایک کروڑ کی پلمبرنگ کا سامان بھی آ چکا ہے۔ گیٹ اور پلمبرنگ کام میموریل کمیٹی کی جانب سے کرایا جا رہا ہے۔ ان تمام کاموں کو 11 مارچ سے پہلے مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کچھ افسر کام جلد سے جلد مکمل کرنے کے لئے دباؤ بنائے ہوئے ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز