اروندر سنگھ لولی نے کانگریس چھوڑ کر تھاما بی جے پی کا دامن، جانیں پارٹی چھوڑنے کی وجہ

Apr 18, 2017 06:07 PM IST | Updated on: Apr 18, 2017 06:08 PM IST

نئی دہلی۔  دہلی میں اپنی سیاسی زمین دوبارہ تلاش کرنے میں سرگرداں کانگریس کو آج اس وقت زبردست جھٹکا لگا، جب پارٹی کے سابق صدر اور شیلا دیکشت حکومت میں وزیر رہنے والے کانگریسی لیڈر اروندر سنگھ لولی اور دہلی یوتھ کانگریس کے صدر امت ملک بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے۔ بی جے پی میں پارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے مسٹر لولی کا خیر مقدم کیا۔ دہلی میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات سے محض پانچ دن پہلے مسٹر لولی اور امت ملک کے بی جے پی میں شامل ہونے سے کانگریس کی توقعات کو زبردست جھٹکا لگ سکتا ہے۔ دہلی میں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں مکمل طور پر دم توڑنے والی کانگریس بلدیاتی انتخابات میں سخت جدو جہد کرکے اپنی واپسی کی توقع کر رہی تھی لیکن مسٹر لولی اور مسٹر ملک کے بی جے پی میں شامل ہونے سے پارٹی کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ مسٹر اروندر سنگھ لولی دہلی میں کانگریس کی سکھوں کی سیاست میں قدآور لیڈر شمار کئے جاتے تھے۔ موجود ریاستی کانگریس صدر اجے ماکن کے ساتھ مسٹر لولی کے تعلقات کبھی خوشگوار نہیں رہے۔ کانگریس کی اعلی کمان کی طرف سے نظر انداز کئے جانے سے بھی وہ ناراض تھے۔

شیلا دکشت حکومت میں مسٹر اروندر سنگھ لولی کابینہ وزیر تھے۔ ان کے پاس تعلیم اور عوامی نقل و حمل جیسے اہم محکموں کے علاوہ کئی دیگر وزارتیں بھی تھیں۔ گاندھی نگر اسمبلی سیٹ سے پانچ بار رکن اسمبلی مسٹر لولی نے 2015 کا اسمبلی الیکشن نہیں لڑا تھا۔ بعد میں مسٹر لولی نے ریاستی صدر کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا اور وہ پارٹی قیادت سے مسلسل ناراض چل رہے تھے۔ مسٹر امت ملک ان کے حامی ہیں۔ دہلی کارپوریشن انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں بھی مسٹر لولی پارٹی کے سینئر لیڈروں سے ناراض تھے۔

اروندر سنگھ لولی نے کانگریس چھوڑ کر تھاما بی جے پی کا دامن، جانیں پارٹی چھوڑنے کی وجہ

تصویر: یو این آئی

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز