صدارتی انتخابات : ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر کو اپوزیشن پارٹیاں بناسکتی ہیں اپنا امیدوار

Jun 19, 2017 05:21 PM IST | Updated on: Jun 20, 2017 01:56 AM IST

نئی دہلی  : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے دلت کمیونٹی کے مسٹر رام ناتھ كووند کو صدر کے عہدے کا امیدوار اعلان کئے جانے کے پیش نظر کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں دلت چہرے کے طور پر مسٹرپرکاش امبیڈکر کو اپنا امیدوار بنا سکتی ہیں۔  بائیں بازو کی جماعتوں کے ذرائع کے مطابق وہ بی جے پی کو آسانی سے صدر کا انتخاب نہیں جیتنے دیں گے۔ انہوں نے کہا،’’ہم صدارتی امیدوار کے لئے آئین کے خالق بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر اور کچھ دیگر ناموں پر غور کر رہے ہیں۔

ادھر کانگریس نے بہار کے گورنر رام ناتھ كووند کو قومی جمہوری اتحاد کا صدارتی امیدوار بنانے کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے فیصلے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں 22 جون کو اس سلسلے میں فیصلہ لیں گی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو امیدوار کا نام طے کرنے کے بعد اس کی اطلاع دی ہے۔

صدارتی انتخابات :  ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر کو اپوزیشن پارٹیاں بناسکتی ہیں اپنا امیدوار

پارٹی کو ایسی توقع نہیں تھی۔ لگتا ہے کہ صرف خانہ پری کے لئے کانگریس لیڈروں کو اس کی اطلاع دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کا یکطرفہ فیصلہ ہے، اگرچہ وہ اس طرح کا فیصلہ کرنے کے لئے آزاد ہے۔

مسٹر آزاد نے کہا کہ محترمہ گاندھی کی صدارت میں 22 جون کو اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہو گا جس میں صدارتی امیدوار کے نام پر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ گاندھی نے گزشتہ ماہ 18 سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ  ظہرانہ کا انعقاد کرکے صدارتی امیدوار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا اور یہ فیصلہ ہوا تھا کہ اس سلسلے میں تمام فریق مل کر فیصلہ کریں گے۔ محترمہ گاندھی کو بات چیت کے لئے ایک ذیلی گروپ قائم کرنے کے لئے باختیار کیا گیا تھا اور اس ذیلی گروپ کی بھی میٹنگ ہوئی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس دوران بی جے پی اور حکومت نے صدارتی امیدوار کی بابت اپوزیشن

سے بات چیت کے لئے وزراء کی تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔ ان وزراء نے مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطہ کیا۔ محترمہ گاندھی سے بھی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور اطلاعات و نشریات کے وزیر وینکیا نائیڈو نے بات چیت کی تھی۔ امید تھی کہ وہ صدارتی امیدوار کے لئے چند نام پیش کریں گے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں فیصلہ لے کر انہیں اس کی اطلاع دیں گے۔

مسٹر آزاد نے کہا کہ امید تھی کہ امیدوار کا نام اعلان کرنے سےقبل اس کی اطلاع دی جائے گی تاکہ مختلف فریق اس پر تبادلہ خیال کر سکیں لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ انهوں نے کہا کہ اپوزیشن متحد ہے اور اجلاس میں اس سلسلے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز