مفتی نادر القاسمی کے سفر نامہ ’ ہانگ کانگ میں مسلمانوں کی آمد اور دینی جدوجہد‘ کا اجرا

Oct 04, 2017 08:35 PM IST | Updated on: Oct 04, 2017 08:35 PM IST

نئی دہلی۔ خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا اور جامعة القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول بہار کے زیر اہتمام مفتی احمد نادر القاسمی کے سفرنامہ ”ہانگ کانگ میں مسلمانوں کی آمد اور دینی جدوجہد“کا اجرا آج جامعہ نگر میں معرو ف عالم دین مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی محفوظ الرحمن عثمانی نے کہا کہ سفرنامہ ایک اہم صنف ہے ،اس کے ذریعہ کسی بھی ملک کی حقیقت ،سچائی اور معاشرہ کے حالات کے بارے میں علم ہوتا ہے۔ انہوں نے مفتی احمد نادر القاسمی کو اس تصنیف کیلئے مبارکباد پیش کی اورکہا کہ اس طرح کی کوششیں جاری رہنی چاہیئے ،ملکوں کی تاریخ اور

 وہاں کےمعاشرہ  کو سمجھنے اور جاننے  کیلئے سفرنامے بہت اہم رول اداکرتے ہیں۔  صحافی  ڈاکٹر یامین انصاری نے مصنف کتاب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ کا نام سن کر ذہن میں آتاہے کہ شاید اسلام کا وہاں نام ونشان نہیں ہے، لیکن مفتی احمد نادرنے وہاں کے اسلام کی تاریخ لکھ کر علمی دنیا میں ایک گراں قدر اضافہ کیاہے ،اس سے

مفتی نادر القاسمی کے سفر نامہ ’ ہانگ کانگ میں مسلمانوں کی آمد اور دینی جدوجہد‘ کا اجرا

رسم اجراءکرتے ہوئے دائیں سے مفتی نادر القاسمی ،مفتی محفوظ الرحمن عثمانی ،ڈاکٹر یامین انصاری ،ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی ،شمس تبریز قاسمی ،عبد الرحمن عابد او رعارف اقبال ۔

یہ جاننے کا موقع ملے گا اسلام ہانگ کانگ میں بھی شاندار تاریخ کے ساتھ موجود ہے ۔

صحافی شاہ عالم اصلاحی نے کہا کہ سفرنامہ سے کسی بھی معاشرہ اور سوسائٹی کی صحیح جانکاری ملتی ہے ،تاریخ کی تدوین میں ان سفرناموں کا رول بہت اہم ہوتاہے۔ ملی اتحاد کے معاون ایڈیٹر صفی اختر نے مصنف کتاب کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ شگفتہ قلم کے مالک ہیں جس موضوع پر قلم اٹھاتے ہیں اس کا حق اداکردیتے ہیں ۔مولانا فیروزاختر قاسمی جنرل سکریٹر ی مرکزی جمعیة علماءنے کہاکہ یہ کتاب ہانگ کانگ میں اسلام کی تاریخ جاننے کے سلسلے میں سنگ میل ثابت ہوگی ۔ جناب عبد الرحمن عابد نے اپنے خطا ب میں کہاکہ مصنف کتاب کی شخصیت معتبر اور نرالی ہے وہ ہمیشہ ایسے موضوعات پر قلم اٹھاتے ہیں۔ اس تقریب میں سینئر صحافی ڈاکٹر عبد القادر شمس کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا ،اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ مفتی احمدنادر نے ہانگ کانگ کی مختصر تاریخ لکھ کر دریا کو کوزے میں سمونے کا کام انجام دیا ہے ،اس موضوع پر کام کرنے والوں کیلئے یہ کتاب سنگ میل ثابت ہوگی ۔

ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی نے اپنے افتتاحی خطاب میں مصنف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کی شروع سے یہ کوشش رہی ہے کہ اہل علم کی حوصلہ افزائی کی جائے ،ان کی خدمات کو سراہاجائے ،اس بینرتلے ہونے والی آج کی یہ تقریب بھی اس کوشش کا حصہ ہے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز