لکھنؤ۔ اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر انوراگ تیواری کی مشتبہ صورتحال میں موت کے سلسلے میں آج حضرت گنج کوتوالی میں قتل کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ آنجہانی آئی اے ایس کے بھائی مینک کی تحریر پر حضرت گنج کوتوالی میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ اس سے قبل کرناٹک کیڈر کے آئی اے ایس افسر کے گھروالوں نے آج صبح وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور واقعہ کی جانچ مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) سے کرانے کا مطالبہ کیا۔ آنجہانی افسر اترپردیش کے بہرائچ کے رہنے والے تھے۔ مسٹر یوگی نے کنبہ والوں کو غیرجانبدارانہ جانچ کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں گھر والے سینئر پولیس افسر دیپک کمار سے ملاقات کرنے گئے۔
واضح رہے کہ 17 مئی کو صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے آئی اے ایس افسر انوراگ تیواری کی لاش راجدھانی کی پانچ میرا بائی سڑک پر ملی تھی۔ بادی النظر میں پولیس نے اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ مسٹر تیواری صبح کی سیر کرنے نکلے ہونگے اور سڑک پر گرنے سے ان کی موت ہوئی ہوگی۔

انوراگ تیواری کے والدین یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی سے ملاقات کرتے ہوئے، تصویر: سی این این۔ نیوز ۱۸