حج 2017 کے دوران عازمین کی سہولت کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں: محبوب علی قیصر

Jan 07, 2017 07:09 PM IST | Updated on: Jan 07, 2017 07:09 PM IST

نئی دہلی۔  مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین اور ممبر پارلیمنٹ محبوب علی قیصر نے آج دعوی کیا کہ حج ۔ 2017 کے دوران عازمین کو مزید سہولتیں فراہم کرانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہاں منعقدہ مرکزی حج کمیٹی اور دہلی اسسٹنٹ حج کمیٹی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں مسٹر قیصر نے کہا کہ حج 2016 صحیح سلامت اور خیر و عافیت کے ساتھ مکمل ہوئے اور اس وقت جن خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی مرکزی حج کمیٹی حکومت ہند اور سعودی حکومت کے تعاون سے ان خامیوں کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ تاکہ عازمین کو مدینہ اور مکہ میں حرمین شریفین تک جانے کے لئے زیادہ مسافت اور ٹرانسپورٹ کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہندوستانی عازمین کے قیام کے لئے حرمین شریفین سے قریب جگہ کا انتظام کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 جنوری سے اب تک ممبئی میں سفر حج پر جانے والے 32 ہزار خواہشمندوں نے درخواستیں دی ہیں، جن میں سے 27 ہزار درخواستیں آن لائن بھری گئی ہیں ۔ جو کل تعداد82 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ گیارہ جنوری کو مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کی زیر قیادت ہندوستانی وفد سعودی حکومت کے ساتھ حج سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کرے گا جس میں تخفیف شدہ ہندوستانی عازمین کے 20 فیصد کوٹے کو باقاعدہ طریقے پر بحال کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔ محبوب علی قیصر نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے ملک کی تمام ریاستوں میں عازمین حج کے لئے بینک کا خصوصی حج کاؤنٹر کھولنے کی درخواست کی ہے، جس پر اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ہے۔ لیکن انہیں امید ہے کہ ایس بی آئی اس سمت میں جلد از جلد مثبت اقدامات کرے گا۔ انہوں نے 65 سال سے زائد عمر کے درخواست دہندگان سے پین  کارڈ مانگنے کے بینکوں کے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بزرگ عازمین کو اس سے مستثنی کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ دہلی حج کمیٹی کے چیئرمین اور ممبر اسمبلی محمد اشراق خان نے پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے اس سال دہلی حج کمیٹی کے کوٹے میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کئے جانے کا پرزور مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی راجدھانی ہونے کی وجہ سے ملک بھر کی تمام ریاستوں کے لوگ دہلی میں رہتے ہیں۔ اس لئے دہلی حج کے کوٹے میں خاطر خواہ اضافہ کیا جانا چاہئے۔

حج 2017 کے دوران عازمین کی سہولت کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں: محبوب علی قیصر

فائل فوٹو

دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکیٹیو افسر اشفاق عارفی نے بتایا کہ دہلی حج کمیٹی نے حج منزل کے اندر ہی آن لائن فارم بھرنے اور کاغذات کے ذریعے فارم بھرنے کے ساتھ ساتھ حج سے متعلق تمام طرح کی سہولتیں دستیاب کرائی ہیں۔ اس کے علاوہ جامعہ نگر ، اوکھلا، لکشمی نگر، جعفر آباد، سلطانپور، اوکھلا انڈسٹریل ایریا، منڈا ولی سمیت دہلی کے بہت سے علاقوں میں حج فارم بھرنے کے لئے خصوصی کاؤنٹر کا انتظام کیا ہے۔ جس سے عازمین بخوبی استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دہلی حج کمیٹی کے ذریعے اب تک 1142 افراد نے حج کے لئے فارم بھرے ہیں۔ جن میں سے 46 فیصد نے آن لائن فارم بھرے ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز