وقف کی جائیدادوں پر ناجائز قبضہ کرنے والے دو ہزار افراد کے خلاف مقدمات درج

Jun 29, 2017 07:36 PM IST | Updated on: Jun 29, 2017 07:36 PM IST

نئی دہلی: ملک میں وقف کی املاک پر غیر قانونی قبضہ کرنے والے دو ہزار سے زیادہ مافیا عناصر پر مجرمانہ معاملے درج کئے گئے ہیں جن میں کئی وقف بورڈ کے اعلی افسران بھی شامل ہیں۔ اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے آج سنٹرل وقف کاونسل کی 76 ویں میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ معاملے گذشتہ تین سال میں درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر وقف جائیدادوں پر طاقت ور مافیا عناصر نے غیر قانونی طور پر قبضہ کررکھا ہے جن کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔

وقف بورڈ کے افسران کے ساتھ سانٹھ گانٹھ سے وقف املاک پر قبضہ کیا گیا ہے۔ اب ’دشمن کی جائیداد‘ کے تحت آنے والی جائیدادوں پر بھی غیر قانونی قبضے کے معاملے روشنی میں آنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی معاملات کی جانچ سی بی آئی کررہی ہے اور مجرم خواہ کتنے بھی طاقت ور ہوں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ملک میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ پانچ لاکھ بارہ ہزار 556 وقف جائیدادیں ہیں۔ اترپردیش، بہار، مہاراشٹر ، ہریانہ، راجستھان ، مغربی بنگال اور کچھ دیگر ریاستوں یمں وقف کی جائیدادوں پر بڑے پیمانے پر غیر قانونی قبضے کئے گئے ہیں۔

وقف کی جائیدادوں پر ناجائز قبضہ کرنے والے دو ہزار افراد کے خلاف مقدمات درج

وقف کی جائیدادوں کے حساب کتاب کو شفاف بنانے کے لئے ان کے ریکارڈ کا ڈیجیٹائزیشن کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں ریاستی وقف بورڈوں کو ہر ممکن مدد دی جارہی ہے۔ وقف جائیدادوں کی شکایت کے ازالے کے لئے مرکزی سطح پر سپریم کورٹ کے سابق جسٹس کی صدارت میں بورڈ آف ایڈجوڈیکیشن کا قیام کیا گیا ہے۔ اسی طرح سے اکیس ریاستوں میں تین رکنی ٹریبونل قائم کئے گئے ہیں اور دیگر ریاستوں میں بھی جلد ہی ان کا قیام کیا جائے گا۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ مودی حکومت وقف جائیدادوں کو غیر قانونی قبضہ سے آزاد کراکے ان کا استعمال سماج کے سماجی، اقتصادی اور تعلیمی بہتری کے لئے کرنا چاہتی ہے۔ اقلیتی وزارت مسلمانوں، سکھ، عیسائی، پارسی، بودھ اورجین سماج کو بااختیار بنانے کے لئے ایک مشن کے طور پر کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کے بہبود اور روزگار کے لئے دیگر منصوبے بھی چلائے جارہے ہیں اور اب اس کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ اس حکومت میں اعتماد کے ساتھ ترقی کا ماحول بنا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز