چندی گڑھ چھیڑ چھاڑ معاملہ : بی جے پی ریاستی صدر کا بیٹا وکاس برالا دو دن کی پولیس ریمانڈ میں بھیجا گیا

Aug 10, 2017 07:18 PM IST | Updated on: Aug 10, 2017 07:19 PM IST

چندی گڑھ: پنجاب میں ایک مقامی عدالت نے ایک آئی اے ایس افسر کی بیٹی کا پیچھا، چھیڑخانی اور اغوا کی کوشش کے معاملہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر سبھاش برالا کے بیٹے وکاس برالا اور اس کے دوست آشیش کمار کو دو دن کے پولیس ریمانڈ میں بھیجنے کا آج حکم دیا۔ مسٹر سبھاش برالا کے بیٹے وکاس اور آشیش کو کل شام گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں کو آج دوپہر سخت سیکورٹی کے درمیان سیکٹر 26 کے پولیس تھانہ سے ضلعی عدالت کے احاطے میں لایا گیا۔

وکاس اور اس کے دوست پر الزام ہے کہ گزشتہ جمعہ کی رات انہوں نے آئی اے ایس افسر کی بیٹی ورنیکا کنڈ و کاچھ کلومیٹر تک پیچھا کیا۔ان پرفقرے کسے اور اغوا کی بھی کوشش کی۔ وہ چنڈی گڑھ سے پنچکولہ واپس آرہی تھی۔ راستے میں ورنیکا کے پولیس کنٹرول روم میں فون کرنے کی وجہ سے پولیس نے اسی رات دونوں کو حراست میں لے لیا تھا تاہم اگلے دن انہیں ضمانت پر رہا بھی کر دیا گیا۔ پولیس نے شروع میں ملزمین پر چھیڑخانی اور نشہ میں گاڑی چلانے کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔

چندی گڑھ چھیڑ چھاڑ معاملہ : بی جے پی ریاستی صدر کا بیٹا وکاس برالا دو دن کی پولیس ریمانڈ میں بھیجا گیا

اس دوران الزام لگے کہ پولیس نے سیاسی دباؤ میں ملزمین پر ہلکی دفعات لگائی ہیں اور چار دن تک اپوزیشن سیاسی جماعتوں سے لے کر سماجی تنظیموں کے مظاہروں سے معاملہ گرما گیا اور کل پولیس نے ملزمین کو دوبارہ گرفتار کر کے ان پر اغوا کرنے کی کوشش اور ورنیکا کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی دفعات لگائیں جو غیرضمانتی ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز