گجرات الیکشن کا تعلق مودی جی سے نہیں بلکہ نہ آنے والے اچھے دن سے ہے: چدمبرم

Nov 28, 2017 06:09 PM IST | Updated on: Nov 28, 2017 06:09 PM IST

نئی دہلی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی انتخابی مہم کو ’اپنی ذات، اپنے ماضی اور گجرات اور گجراتیوں کی مبینہ تحقیر ‘ قرار دیتے ہوئے کانگریس کے اعلی رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے آج کہا کہ گجرات اسمبلی انتخابات کا تعلق مسٹر مودی کی انفرادی شخصیت سے نہیں بلکہ ’اچھے دن‘ کے اس وعدے سے ہے جو بیالیس مہینے بعد بھی کہیں ایفا ہوتا نظر نہیں آتا۔ ایک سے زیادہ ٹوئٹ میں مسٹر چدمبرم نے کہا ہے کہ گجرات میں اپنے انتخابی جلسوں میں وزیراعظم نے بے روزگاری، عدم سرمایہ کاری، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے ٹھپ رہ جانے، برآمدات پر جمود طاری ہوجانے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کا کہیں کوئی ذکر نہیں کیا۔  مسٹر چدمبرم نے ٹوئٹ کیا ہے کہ مسٹر مودی کی مہم بس ان کی ذات، ان کے ماضی اور گجرات اور گجراتیوں کی مبینہ تحقیر تک محدود ہے،تو کیا وہ یہ بھول چکے ہیں کہ وہ ہندوستان کے وزیراعظم بھی ہیں۔

سابق وزیر خزانہ نے سوال کیا ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ وزیراعظم نے بے روزگاری ، عدم سرمایہ کاری ، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے ٹھپ ہوجانے ، برآمدات رک جانے اور قیمتوں میں اضافے کے تعلق سے کوئی بات ہی نہیں کی؟اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ان تلخ حقائق کا کوئی جواب ہی نہیں رکھتے اور جہاں تک گجرات الیکشن کا تعلق ہے تو یہ مسٹر مودی کی انفرادی شخصیت سے متعلق نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق اچھے دن کے اس وعدے سے ہے جو بیالیس ماہ گزر جانے کے بعد بھی پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر مودی بھول گئے ہیں کہ مہاتما گاندھی ایک ہندوستانی اور گجرات کے سپوت تھے۔ گاندھی جی بابائے قوم کل بھی تھے اور آج بھی ہیں اور انہوں نے جدوجہد آزادی کی قیادت کے لئے کانگریس پارٹی کا انتخاب کیا تھا۔

گجرات الیکشن کا تعلق مودی جی سے نہیں بلکہ نہ آنے والے اچھے دن سے ہے: چدمبرم

سابق وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم: فائل فوٹو۔

مسٹر چدمبرم کے یہ بیانات سامنے آنے سے ایک روز قبل وزیراعظم نے گجرات میں اپنے عوامی جلسوں میں یہ کہتے ہوئے کانگریس پر حملہ کیا تھا کہ کانگریس کاعوامی امنگوں سےربط ٹوٹ چکا ہے اس لئے وہ صرف لوگوں کو گمراہ کرنے اور قنوطیت پھیلانے میں لگی ہے۔ مسٹر مودی نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’کانگریس نے کبھی گجرات کو پسند نہیں کیا اور ہمیشہ اسے دوسروں سے پیچھے رکھنا چاہا جبکہ گجرات میری آتما اور بھارت پرماتما ہے۔گجرات کی سر زمین نے میرا خیال رکھا اور مجھے طاقت دی۔‘‘

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز