وارانسی میں مذہبی مقام کی زمین کے سلسلہ میں دو فرقوں کے مابین جھڑپ، کئی زخمی

Jul 17, 2017 12:37 PM IST | Updated on: Jul 17, 2017 12:37 PM IST

وارانسی۔  اترپردیش میں وارانسی کے صغری علاقہ میں کل رات ایک مذہبی مقام کی زمین کے سلسلے میں دو فرقوں کے مابین ہونے والی پرتشدد جھڑپ کو قابو میں کرنے کیلئے پولیس کو آنسو گیس کے گولے چھوڑنے پڑے اور لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ اس واقعہ میں تین پولیس جوانوں سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یوگیشور رام مشرا نے آج یہاں بتایا کہ مہاتما گاندھی کاشی ودیاپیٹھ۔ فاطمان روڈ کے آس پاس کچھ شرپسند عناصر کے ذریعہ سماجی ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جسے انتظامیہ نے ناکام بنا دیا۔

انہوں نے بتایا کہ معاملے کی جانچ مجسٹریٹ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع سے شرانگیزی کرنے والے افراد کی شناخت کر رہی ہے۔

وارانسی میں مذہبی مقام کی زمین کے سلسلہ میں دو فرقوں کے مابین جھڑپ، کئی زخمی

اترپردیش پولیس: علامتی تصویر

پولیس ذرائع نے بتایا کہ صغری کے فاطمان روڈ، گلاب باغ اور للاپورہ علاقہ میں دونوں فریقوں کی جانب سے رات گئے پتھربازی اور آتشزنی کے واقعات ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ پرتشدد واقعہ میں تین پولیس جوانوں سمیت ڈیڑھ درجن افراد زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ میں کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے گئے۔ حالات پر قابو پانے کیلئے ڈویژنل کمشنر رمیش نتین گوکرن، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مسٹر مشرا، سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ رام کرشن بھاردواج، پولیس سپرنٹنڈنٹ (سٹی) دنیش سنگھ سمیت تمام اعلی افسر موقع پر پہنچ گئے۔

حکام کی موجودگی میں دونوں فریقوں کے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی گئی، لیکن کسی نے انتظامیہ کی بات نہیں مانی۔ اس کے بعد پولیس نے طاقت کا استعمال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مذہبی مقام کی زمین پر ایک دوسرے مذہب کے لوگوں کے ذریعہ قبضہ کرنے کی افواہ کے بعد ہنگامہ ہوا۔ سینکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل کر نعرہ بازی کرنے لگے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز