شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں مسلح تصادم، حزب المجاہدین کے 2 مقامی جنگجو ہلاک

Jun 21, 2017 11:30 AM IST | Updated on: Jun 21, 2017 12:11 PM IST

سری نگر۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ہونے والے ایک شدید مسلح تصادم میں حزب المجاہدین کے دو مقامی جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو مسلح تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے پزلپورہ رفیع آباد میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر 22 راشٹریہ رائفلز کے فوجیوں ، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے گذشتہ رات مذکورہ علاقہ میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب سیکورٹی فورسز مذکورہ علاقہ میں ایک مخصوص جگہ کو محاصرے میں لے رہے تھے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کی اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے جوابی فائرنگ کئے جانے کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر تصادم کا آغاز ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا ’اندھیرے کی وجہ سے گذشتہ رات آپریشن کو روک دیا گیا تھا، البتہ جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے علاقے کو چاروں اطراف سے سخت محاصرے میں رکھا گیا تھا‘۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ کی صبح روشنی کی پہلی کرنوں کے ساتھ ہی آپریشن بحال کردیا گیا اور طرفین کے مابین گولہ باری کے تبادلے میں دوجنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت باسط احمد ساکنہ پٹن اور گلزار احمد ساکنہ سوپور کے بطور کی گئی ہے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوؤں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برآمدگی میں دو اے کے رائفلیں، دو دستی گرینیڈ ، 6 میگزینیں اور ایک پاؤچ شامل ہے۔

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں مسلح تصادم، حزب المجاہدین کے 2 مقامی جنگجو ہلاک

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز