گورکھپور سانحہ : وزیر اعلی یوگی نے کہا : مجھ سے زیادہ اس تکلیف کو کوئی نہیں سمجھ سکتا

Aug 13, 2017 03:11 PM IST | Updated on: Aug 13, 2017 03:11 PM IST

گورکھپور : گورکھپور میڈیکل کالج میں دو دنوں میں 30 بچوں کی موت کے بعد حالات کا جائزہ لینے پہنچے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ بچوں کی موت کے معاملے کی پوری جانچ کرائی جائے گی۔ انہوں نے کانگریس سمیت اپوزیشن پارٹیوں کے لاپروائی برتنے کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس معاملہ میں کوئی لاپروائی نہیں برتی گئی ہے۔ وزیر اعلی یوگی نے کہا کہ اس معاملہ میں مرکزی حکومت ہماری ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی تحقیقات کے لئے چیف سکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ قصورواروں کو ایسی سزا ملے گی جو کہ مثال بنے گی۔

یوگی نے کہا کہ پورے معاملے کی جانچ ضروری ہے۔ وزیر اعظم مودی بھی فکر مند ہیں۔ مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا بھی یہاں آئے ہیں، وہ دہلی جاکر پورے معاملے کی معلومات وزیر اعظم کو دیں گے۔ اس دوران نڈا نے کہا کہ مرکزی حکومت، یوپی حکومت کو ہر ممکن تعاون دینے کیلئے تیار ہے۔

گورکھپور سانحہ : وزیر اعلی یوگی نے کہا : مجھ سے زیادہ اس تکلیف کو کوئی نہیں سمجھ سکتا

یوگی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ سیاست نہیں تعزیت کا سوال ہے۔ دماغی بخار کا حل نکلنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ہر طبقے کا تعاون چاہئے۔ کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ غیر ضروری الزامات لگا رہی هے۔ انہوں کہا کہ 9 جولائی میں  بھی میں آیا تھا، میرے سامنے کئی باتیں آئی تھیں ، میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ باہر سے معاملہ کی فرضی رپورٹنگ نہ کریں، انہیں واقعہ سے تکلیف ہے، انہیں دماغی بخار سے وابستہ وارڈوں میں اندر جاکر حقائق کی معلومات لینی چاہئے۔ یوگی نے کہا کہ وہ آکسیجن سپلائی کے معاملہ کی بھی جانچ کر رہے ہیں، اس کے لئے کمیٹیاں بنادی گئی ہیں۔

یوگی نے کہا کہ مجھ سے زیادہ کوئی اس مسئلہ کو نہیں سمجھ سکتا۔ صحافیوں سے مخاطب ہوتے وزیر اعلی نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ علاقہ کے سرکاری اسپتالوں میں جائیں اور دیکھیں کہ دماغی بخار سے لڑنے کے لئے حکومت کیا کر رہی ہے، اس بارے میں کیا انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر جے پی نڈا نے کہا کہ مرکزی حکومت یوپی کو پورا تعاون دینے کے لئے تیار ہے۔ نڈا نے کہا کہ دماغی بخار کو لے کر یوگی نے مہم چلائی ہے، وزیر اعظم نے گورکھپور کو ایمس دیا ہے، ہم اس سے نمٹنے کے لئے ہر ضروری مدد کریں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز