ڈاکٹر منموہن کی قیادت میں کانگریس کا اعلیٰ سطحی وفد جموں پہنچا ، مختلف طبقوں کے نمائندوں سے کرے گا ملاقات

Sep 10, 2017 05:24 PM IST | Updated on: Sep 10, 2017 05:24 PM IST

جموں: جموں وکشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں سماج کے مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والے افراد سے ملاقات کے لئے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی قیادت والا اعلیٰ سطحی کانگریس پالیسی پلاننگ گروپ اپنے دو روزہ دورے پر اتوار کو یہاں پہنچا۔ اس گروپ میں سابق وزیراعظم کے علاوہ سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ، سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد، اے آئی سی سی کی جنرل سکریٹری امبیکا سونی اور ریاست کے تینوں خطوں کے کانگریسی لیڈران شامل ہیں۔

کانگریس پارٹی ذرائع نے بتایا کہ گروپ کے اراکین کانگریس کی ایگزیکٹو میٹنگ میں پارٹی کے مقامی سینئر لیڈران سے تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گروپ سے مختلف وفود بشمول جموں بار ایسوسی ایشن، چیمبر ایسوسی ایشن، کشمیری مہاجر، رفیوجی، ڈوڈہ مہاجر، اقلیتوں کی تنظیمیں (ایس سی، ایس ٹی)، پہاڑی زبان بولنے والوں کی آرگنائزیشن، گوجر باڈی اور صحافی حضرات ملاقی ہوں گی۔ ریاستی کانگریس کے ترجمان نے بتایا کہ گروپ کے اراکین جموں میں ایک گیسٹ ہاوس میں قیام کریں گے اور پیر کی صبح واپس نئی دہلی روانہ ہوں گے۔

ڈاکٹر منموہن کی قیادت میں کانگریس کا اعلیٰ سطحی وفد جموں پہنچا ، مختلف طبقوں کے نمائندوں سے کرے گا ملاقات

انہوں نے بتایا کہ یہ اعلیٰ سطحی گروپ اگلے ہفتے وادی کشمیر کا دورہ کرے گا اور وہاں بھی مختلف وفود اس گروپ سے ملاقی ہوں گی۔ ریاستی کانگریس صدر غلام احمد میر کے مطابق سابق وزیر اعظم کی قیادت والے گروپ کو ریاست کی موجودہ سیاسی و سیکورٹی صورتحال کے علاوہ یو پی اے حکومتوں میں شروع کئے گئے پروجیکٹوں میں پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں پی ڈی پی بی جے پی حکومت اور مرکز میں بی جے پی حکومت معرض وجود میں آنے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانگریس پالیسی پلاننگ گروپ نے اس وقت ریاست کا دورہ کیا جب مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ پہلے ہی ریاست کے چار روزہ دورے پر آچکے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ ریاست کی مجموعی صورتحال اور ریاست سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کے خصوصی پیکیج کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے علاوہ ریاستی پولیس وپیرا ملٹری فورسزکے اہلکاروں اور مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والی وفود سے ملاقات کی غرض سے ریاست کے چار روزہ دورے پر آئے ہوئے ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز