دارالعلوم دیوبند میں جدید داخلوں کی تاریخ کا اعلان، 2 سے 11 شوال تک تقسیم اور جمع کئے جائیں گے فارم

Apr 09, 2017 12:04 PM IST | Updated on: Apr 09, 2017 01:08 PM IST

دیوبند: دارالعلوم دیوبند نے نئے تعلیمی سال 1438-39ھ میں جدید طلبہ کے داخلے اور اورقدیم طلبہ کی ترقی و تنزلی اور تکمیلات و دیگرشعبوں میں داخلے کے ضوابط و قواعد کا اعلان کیاہے۔ دارالعلوم کے دفتر تعلیمات کے ذریعہ جاری کردہ قواعد داخلہ پچھلے دنوں مجلس تعلیمی کی منظوری کے بعد شائع کیا گیا ہے۔ نئے قواعد داخلہ کو دارالعلوم دیوبند کی ویب سائٹ پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

جدید داخلے کیلئے آنے والے طلبہ کی سہولت کے لیے مجلس تعلیمی نے طے کیا ہے کہ امسال تقسیم درخواست برائے شرکت امتحان داخلہ 2 شوال 1438ھ مطابق 26 جون 2017 سے شروع کی جائے گی اور11 شوال مطابق 5جولائی 2017 مسلسل تقسیم جاری رکھی جائے گی۔ روزانہ صبح کے وقت تقسیم کاسلسلہ رکھا جائے گا اور بوقت شام بعد ظہر سے واپس جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دارالعلوم دیوبند میں جدید داخلوں کی تاریخ کا اعلان، 2 سے 11 شوال تک تقسیم اور جمع کئے جائیں گے فارم

فارسی برائے اول عربی تا پنجم عربی برائے ششم عربی کے طلبہ کے لیے درخواست برائے شرکت امتحان داخلہ کی تقسیم صرف 6شوال 1438ھ (مطابق30 ؍جون )تک جاری رہے گی۔6 شوال کی شام تک درخواستوں کی واپسی ضروری ہوگی۔ ان درجات کا امتحان داخلہ 8شوال مطابق 2جولائی سے شروع ہوگا۔ برائے ہفتم اوربرائے دورہ حدیث کاامتحان داخلہ13 شوال مطابق 7جولائی سے شروع ہوگا۔حفص اردو کے لیے حساب کاتحریری امتحان 15؍ شوال مطابق 9جولائی کو ہوگا۔

نئے تعلیمی سال میں قدیم درجات عربیہ کے قدیم طلبہ کی ترقی کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کے مختلف شعبہ جات جیسے تخصصات، تکمیلات،شعبہ تحفظ ختم نبوت، شعبۂ تحفظ سنت، شعبہ صحافت شیخ الہنداکیڈمی، شعبہ انگریزی، شعبہ کمپیوٹراورشعبہ دارالصنائع میں قدیم فارغ شدہ طلبہ کے داخلے بھی ہوں گے۔یہ اطلاع ایک پریس ریلیز میں دی گئی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز