جنسی استحصال کیس : ڈیرہ سچا سودا سربراہ گرمیت سنگھ رام رحیم قصوروار قرار ، سزا پر فیصلہ 28 اگست کو

Aug 25, 2017 11:32 AM IST | Updated on: Aug 25, 2017 03:11 PM IST

سرسا: ہریانہ کے سرسا میں واقع ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت سنگھ رام رحیم پنچکولہ کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) عدالت میں عصمت دری سے متعلق معاملے میں پیشی کے لئے عدالت میں حاضر ہوئے ، جہاں عدالت نے انہیں قصوروار قرار دیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ عدالت نے کہا کہ 28 اگست کو ان کی سزا کا اعلان کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ بابا کا قافلہ سڑک کے راستے سے فتح آباد، اوکلانا اور انبالہ ہوتے ہوئے دوپہر بعد پنچکولہ کی سی بی آئی عدالت پہنچا تھا ۔

قبل ازیں بابا سے متعلق فیصلہ کو لے کر  پنچکولہ سے لے کر ریاست کے مختلف حصوں میں لوگوں کے مشتعل ہونے کے اندیشہ کے پیش نظر ریلوے نے پنجاب اور ہریانہ ہوکر گزرنے والی 200 سے زیادہ ٹرینوں کو کل دیر رات سے اگلی ہدایت تک منسوخ کر دیا ہے۔ ڈیرا سربراہ کے خلاف اپنی ایک پیروکار کی عصمت دری کا مقدمہ 2007سے چل رہا ہے۔ پنچکولہ میں واقع سی بی آئی کی عدالت اس معاملے میں فیصلہ سنائے گی۔ عدالت نے رام رحیم کو فیصلہ کے وقت موجود رہنے کیلئے کہا ہے۔

جنسی استحصال کیس : ڈیرہ سچا سودا سربراہ گرمیت سنگھ رام رحیم قصوروار قرار ، سزا پر فیصلہ 28 اگست کو

پنجاب اور ہریانہ نے احتیاتی اقدامات کئے ہیں۔ ہریانہ، پنجاب اور چندی گڑھ میں آئندہ72گھنٹے کے لئے موبائل ڈاٹا او رانٹرنیٹ خدمات روک دی گئی ہیں۔ بڑی تعداد میں ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ دونوں ہی ریاستوں میں بڑی تعداد میں سلامتی دستوں کو تعینات کرکے سخت جانچ کی جارہی ہے۔ پنچکولہ چھاونی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ انتظامیہ نے امن وقانون برقرار رکھنے کے لئے شہر اور نزدیکی باجیکا، شاہ پو ر بیگو اور نیجیا کھیڑا گاوؤں میں رات دس بجے سے کرفیو نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے اور فوج بلا لی ہے۔

اس درمیان ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس بی ایس سندھو نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ پنچکولہ میں ڈیرا حامیوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نپٹنے کے لئے فوج کو بلا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فوج دیر رات تک پنچکولہ پہنچ جائے گی اور اس کے بعد پولیس اور دیگر سلامتی دستوں کے تعاون سے ڈیرا حامیوں کو پنچکولہ سے باہر نکالنے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پنچکولہ میں فوج کا ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز