ممتاز صحافی سعید نقوی کا اے ایم یو میں ’’فیئر از فاؤل اینڈ فاؤل از فیئر‘‘ کے موضوع پرخطاب

Apr 04, 2017 08:03 PM IST | Updated on: Apr 04, 2017 08:03 PM IST

علی گڑھ ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ رابطۂ عامّہ کے زیرِ اہتمام یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری کے کلچرل ہال میں سرسید دو صد سالہ تقریبات کے سلسلہ کے تحت ’’فیئر از فاؤل اینڈ فاؤل از فیئر‘‘موضوع پرخطبہ پیش کرتے ہوئے ممتاز صحافی اور کمنٹریٹر مسٹر سعید نقوی نے کہا کہ آج متعدد علیحدگی پسند طاقتیں ہندوستان کی اس عظیم مشترکہ تہذیب و تمدن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں جن میں ہندوستانیوں نے ہمیشہ سیکولرازم اور ملک کی سا لمیت کی بقا کے لئے کام کیاتھا۔ انہوں نے ملک میں پیدا ہونے والے مذہبی تعصب پر روشنی ڈالتے ہوئے ان طاقتوں کا پردہ فاش کیا جنہوں نے اپنے اقتدار کی خاطر ملک کومذہب اور ذات پات کے خانوں میں تقسیم کرکے ہندوستان کی سیکولر شبیہہ کو نقصان پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔  مسٹر سعید نقوی نے کہا کہ11؍ستمبر کے امریکی حملہ سے دنیا بھر میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے ماحول سے ہندوستان بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا ہے اور یہاں بھی نفرت کے بیج بونے کی کوشش کی گئی اور افسوس اس بات کا ہے کہ ملک کی سیکولر اور امن پسند طاقتیں بھی اس سارے عمل میں خاموش تماشائی بنی رہنے پر مجبور ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس امر پر سنجیدگی کے ساتھ غور کرنا ہوگا کہ ہمارا سیاسی منظر نامہ 70سال کی سیاست سے زیادہ متاثر ہوا یا ڈھائی سال کی سیاست سے۔

            اپنے صدارتی خطبہ میں پروگرام کے چیف پیٹرن وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ(ریٹائرڈ) نے کہا کہ اگر ملک میں نفرت کا ماحول پیدا ہونے سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے تو ضروری ہے کہ ہم ان سب کے لئے ذمہ دار شر پسند عناصر کی نشاندہی کرکے اس کشیدگی کو دور کرنے کے لئے زود اثر اقدامات کریں۔  انہوں نے کہا کہ ایسے ماحول میں خاموشی ملک کی بقا کے لئے کافی خطرناک ہے لہٰذا ملک کے ذی فہم سیکولر طبقہ کو ملک کی بقا کے لئے آگے آنا ہوگا تاکہ ہندوستان کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ بننے والی طاقتیں اپنے ارادوں میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ اس سے قبل استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے ماس کمیونیکیشن شعبہ کے سینئر استاد پروفیسر ایم شافع قدوائی نے کہا کہ مسٹر سعید نقوی کی کتب عام طور پر اور خصوصی طور پر ان کی کتاب’’ بیئنگ دا اَدَر: دا مسلم ان انڈیا‘‘ ان طاقتوں کو بے نقاب کرتی ہے جو ملک میں نفرتوں کی ترویج و اشاعت اور مذہبی تفریق کی ذمہ دار ہیں۔

ممتاز صحافی سعید نقوی کا اے ایم یو میں ’’فیئر از فاؤل اینڈ فاؤل از فیئر‘‘ کے موضوع پرخطاب

ممتاز صحافی سعید نقوی خطاب کرتے ہوئے۔

            مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے کنوینر یونیورسٹی کے افسر رابطۂ عامّہ مسٹر عمر سلیم پیرزادہ نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی آج کے مہمان مقرر مسٹر سعید نقوی کے لئے حد درجہ جذباتی گوشہ رکھتی ہے اور ہمیں توقع ہے کہ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم طلبأ و طالبات مسٹر نقوی کے خطبہ سے آپسی بھائی چارہ، حب الوطنی اور اتحاد کا درس لے کر ایک مستحکم ہندوستان کے قیام میں اہم رول ادا کرنے کے قابل بن سکیں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز