کشمیر میں دل کا دورہ پڑنے سے ایک اور یاتری کی موت، مہلوکین کی تعداد 48 ہوگئی

Jul 19, 2017 02:45 PM IST | Updated on: Jul 19, 2017 02:45 PM IST

سری نگر۔  وادی کشمیر میں پوتر امرناتھ گھپا کی طرف پیش قدمی کے دوران ایک اور یاتری دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے 60 سالہ یاتری رامیشورپتیدارکو گذشتہ شام امرناتھ گھپا سے واپسی کے دوران روایتی پہل گام راستے پر پسو ٹاپ کے مقام پردل کا شدید دورہ پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ یاتری رامیشور کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں سے اسے وہاں مردہ قرار دیا۔ رامیشور کی موت کے ساتھ وادی میں 29 جون کو شروع ہوئی سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران اب تک جاں بحق ہونے والے یاتریوں کی تعداد بڑھ کر 48 ہوگئی ہے۔ اس دوران راج بھون کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاستی گورنر این این ووہرا جو شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں ، نے بورڈ کے سی ای او امنگ نرولہ کے ہمراہ یاترا شروع ہونے سے اب تک زخمی ہوئے یا جاں بحق ہوئے یاتریوں سے جُڑے معاملات کا جائزہ لیا ۔

سی ای او نے گورنر کو جانکاری دی کہ 29 جون سے 16 جولائی تک 19 یاتری طبی وجوہات کی بنا پر فوت ہوئے جبکہ حادثات کے دوران 20 یاتری جاں بحق ہوئے علاوہ ازیں دس جولائی کو یاترا بس پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 8 یاتری مارے گئے ۔ سی ای او نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے میں ہوئی ہلاکتوں کے تناظر میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ مارے گئے یاتریوں کے لواحقین کو دیے جانے والے ایکس گریشیا ریلیف میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مارے گئے یاتریوں کی میتوں کو ہوائی جہاز کے ذریعے اپنے اپنے قصبوں تک پہنچانے کے لئے چیئر مین کی ہدایات پر عمل کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک بورڈ نے ٹرانسپورٹیشن پر 1466975 روپے جبکہ ایکس گریشیا ریلیف کی ادائیگی پر 13475000 روپے صرف کئے ۔ 16 جولائی کو بانہال کے نزدیک ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوئے 16 یاتریوں کے بارے میں سی ای او نے کہا کہ چیئر مین کے فیصلے کے مطابق مارے گئے یاتریوں کی میتوں کو اٹینڈنٹ سمیت ہوائی جہاز کے ذریعے اپنے اپنے قصبوں کو بھیج دیا گیا ۔ جیسا کہ پہلے سی ای او نے گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا کہ یاتریوں کے اٹینڈنٹوں کے ساتھ ساتھ پولیس کے ایک اہلکار کو بھی میت کے ساتھ بھیج دیا گیا ۔

کشمیر میں دل کا دورہ پڑنے سے ایک اور یاتری کی موت، مہلوکین کی تعداد 48 ہوگئی

امرناتھ یاترا: گیٹی امیجیز

اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ 12 یاتریوں کی میتوں کو جہاز کے ذریعے بہار ، راجستھان ، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے نزدیکی ہوائی اڈوں تک پہنچایا گیا یہاں سے انہیں ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعے اپنے اپنے گھروں تک پہنچایا گیا ۔ اس کے علاوہ تین یاتریوں کی میتوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے سکر راجستھان ، پانی پتھ ہریانہ اور آر ایس پورہ جموں تک پہنچایا گیا ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز