کشمیر: عیدالفطر کی آمد کے سلسلے میں بازاروں میں گاہکوں کی زبردست گہما گہمی

عید الفطر کے سلسلے میں وادی کشمیر بالخصوص گرمائی دارالحکومت سری نگر کے تمام بازاروں میں جمعرات کو گاہکوں کی ایک غیرمعمولی بھیڑ امڈ آئی جن کو صبح سے ہی بیکری دکانوں پر مختلف بیکری و مٹھائی مصنوعات، مٹن کی دکانوں پر گوشت اور دودھ کی دکانوں پر دودھ کے مصنوعات بشمول پنیر کی خریداری میں مصروف دیکھا گیا

Jun 14, 2018 03:05 PM IST | Updated on: Jun 14, 2018 03:10 PM IST

سری نگر:  عید الفطر کے سلسلے میں وادی کشمیر بالخصوص گرمائی دارالحکومت سری نگر کے تمام بازاروں میں جمعرات کو گاہکوں کی ایک غیرمعمولی بھیڑ امڈ آئی جن کو صبح سے ہی بیکری دکانوں پر مختلف بیکری و مٹھائی مصنوعات، مٹن کی دکانوں پر گوشت اور دودھ کی دکانوں پر دودھ کے مصنوعات بشمول پنیر کی خریداری میں مصروف دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ کرایانہ ، پھل، سبزی اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی دکانیں پر بھی لوگوں کو بڑی تعداد میں خریداری میں مصروف دیکھا گیا۔ بیشتر بیکری و مٹھائی، مٹن، چکن اور دودھ دہی کی دکانوں پر لوگ قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے نظر آئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مقامی لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد مقامی بیکری پر ملک کی دوسری ریاستوں بالخصوص جنوبی بھارت کے شہر حیدرآباد سے درآمد کی جانے والی بیکری مصنوعات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ یو این آئی نامہ نگار نے شہر میں واقع دہائیوں پرانے ’پک این چیوز‘ جنرل سٹور میں گاہکوں کی ایک بڑی تعداد کو ’کراچی بیکری‘ کے ڈبہ بند بسکٹ پیکٹوں کی خریداری میں مصروف دیکھا۔ ’کراچی بیکری‘ بیکری مصنوعات بنانے والی حیدرآباد کی ایک مشہور کمپنی ہے

کشمیر: عیدالفطر کی آمد کے سلسلے میں بازاروں میں گاہکوں کی زبردست گہما گہمی

علامتی تصویر

حیدرآباد سے درآمد کی جانے والی ’کراچی بیکری‘ کی بیکری مصنوعات کی سری نگر میں بہت زیادہ مانگ دیکھی جارہی ہے۔ کراچی بیکری کے ’عثمانیہ بسکٹ‘ پیکٹوں کی خریداری میں مصروف ایک گاہک نے بتایا ’میں نے کراچی بیکری کی مصنوعات کی کوالٹی کو دوسری بیکری بنانے والی کمپنیوں سے اچھا پایا۔ میں اپنے گھر میں کراچی بیکری کا استعمال سال بھر کرتا ہوں‘۔ دوسری جانب عیدالفطر سے قبل عورتوں کو پاکستان سے درآمد کئے جانے والے کاٹن کے رنگ برنگے کپڑوں کی خریداری میں مصروف دیکھا گیا۔ کپڑے فروخت کرنے والے کچھ تاجروں نے بتایا کہ پڑوسی ملک (پاکستان) سے درآمد کئے جانے والے کپڑے اب کشمیری خواتین کی نمبر ون پسند بنتے جارہے ہیں۔

Loading...

 

eid 2

اس دوران گاہکوں نے الزام لگایا کہ بازاروں میں گاہکوں کے رش کو دیکھتے ہوئے منافع خوروں کی من مانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مٹن، چکن، پھل اور بیکری فروش گاہکوں سے اپنی مرضی کی قیمتیں وصول رہے ہیں۔گاہکوں نے الزام لگایا کہ عیدالفطر کے پیش نظر بیکری فروشوں نے بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سادہ کیک جو چار پانچ برس قبل 30 روپے میں فروخت کیا جاتا تھا، وہی اب 70 سے 80 روپے میں فروخت کیا جاتا ہے جبکہ سبزی فروشوں نے نرخ نامے بالائے طاق رکھے ہیں۔

گاہکوں نے بتایا کہ مٹن اور چکن فروشوں نے ماہ صیام شروع ہوتے ہی اپنی چھریاں تیز کردی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دو تین ہفتوں کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیا گیا ہے۔ گاہکوں کی شکایت ہے کہ بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کی چیکنگ میں انتظامیہ کی غفلت ہی اصل میں دکانداروں کی من مانی کی وجہ ہے۔

 

 

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز